نئی دہلی//
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے دنیا کے سب سے اونچے میدان جنگ سیاچن میں تعینات فوجیوں کی بہادری کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کوئی عام سرزمین نہیں ہے بلکہ ہندوستان کی خودمختاری اور عزم کی علامت ہے اور فوجیوں کی شاندار تاریخ نوجوان نسل کیلئے مشعل راہ رہے گی۔
پیر کو دنیا کے سب سے اونچے میدان جنگ سیاچن کا دورہ کرنے کے بعد سنگھ نے کہا کہ جس طرح دہلی ہندوستان کی قومی راجدھانی ہے ، ممبئی مالیاتی راجدھانی ہے اور بنگلور ٹیکنالوجی کی راجدھانی ہے ، اسی طرح سیاچن ہمت، حوصلہ اور عزم کی راجدھانی ہے ۔
وزیر دفاع نے خراب موسمی حالات میں ناقابل رسائی علاقوں میں تعینات فوجیوں سے بھی بات چیت کی اور علاقے میں سیکورٹی کی صورتحال کا جائزہ لیا۔
ان کے ساتھ آرمی چیف جنرل منوج پانڈے ، جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف، شمالی کمان کے لیفٹیننٹ جنرل ایم وی سچندرا کمار اور جنرل آفیسر کمانڈنگ۱۴کور لیفٹیننٹ جنرل رشیم بالی بھی تھے ۔
علاقے کے فضائی سروے کے بعد وزیر دفاع۱۵۱۰۰فٹ کی بلندی پر ایک فارورڈ پوسٹ پر اترے جہاں انہیں سیاچن گلیشیئر میں آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سیکورٹی صورتحال کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کی گئیں۔ انہوں نے کمانڈروں کے ساتھ آپریشنل چیلنجز سے متعلق پہلوؤں پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
فوجیوں سے خطاب کرتے ہوئے سنگھ نے اس بات کیلئے ان کی تعریف کی کہ انہوں نے نامساعد حالات میں بہادری اور عزم کے ساتھ مادر وطن کا دفاع کیا۔ انہوں نے کہا کہ قوم ہمیشہ مسلح افواج کی مقروض رہے گی کیونکہ ان کی قربانیوں کی وجہ سے ہر شہری اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرتا ہے ۔
وزیر دفاع نے کہا ’’ ہم پرامن زندگی گزار رہے ہیں کیونکہ ہمیں یقین دلایا گیا ہے کہ ہمارے بہادر سپاہی سرحدوں پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ آنے والے وقت میں جب قومی سلامتی کی تاریخ لکھی جائے گی تو برفانی سرد گلیشیئر میں ہمارے فوجیوں کی بہادری اور قوت ارادی کے کارناموں کو فخر سے یاد رکھا جائے گا۔ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ ایک تحریک رہے گی‘‘۔
قوم نے حال ہی میں آپریشن میگھدوت کی کامیابی کی ۴۰ویں سالگرہ منائی۔
وزیر دفاع نے۱۳؍اپریل۱۹۸۴کو سیاچن میں ہندوستانی فوج کی جانب سے شروع کیے گئے اس آپریشن کو ملک کی عسکری تاریخ کا ایک سنہرا باب قرار دیا۔ انہوں نے کہا’’آپریشن میگھ دوت کی کامیابی ہم سب کے لیے فخر کی بات ہے ‘‘۔
اس موقع پر وزیر دفاع نے سیاچن وار میموریل پر پھولوں کی چادر چڑھا کر مادر وطن کی خدمت میں عظیم قربانیاں دینے والے بہادر جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔
سنگھ نے فوجی جوانوں سے خطاب کے دوران کہا’’مجھے یہاں ہولی کے تہوار پر آنا تھا لیکن خراب موسمی حالات کی وجہ سے ایسا نہیں ہوسکا، میں نے لداخ میں فوجی جوانوں سے یہاں آنے وعدہ کیا تھا اور مجھے خوشی ہے کہ آج میں آپ کے درمیان موجود ہوں‘‘۔
سنگھ کا کہنا تھا’’سیاچن میں تعینات فوجی جوان ہی اصلی ہیرو ہیں اور وہ ملک کے لوگوں کے لئے دیوتائوں سے کم نہیں ہیں‘‘۔
راج ناتھ سنگھ نے فوجی جوانوں سے مخاطب ہو کر کہا’’آپ جوانوں کی وجہ سے ہی ملک کے گوشہ وکنار میں لوگ اپنے گھروں میں بغیر کسی خوف کے سوتے ہیں، اور ایک ایسے مقام پر ملک کی خدمت کرنا جہاں کڑاکی ٹھنڈ ہے ، اس پر ہم سب کو فخر ہے ‘‘۔
بتادیں کہ سیاچن گلیشئر کراکرم رینج میں قریب ۲۰ہزار فٹ کی بلندی پر واقع ہے ، یہ دنیا کے بلند ترین میدان جنگ میں شمار کیا جاتا ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ سنگھ نے۲۴مارچ۲۰۲۴کو لیہہ کا دورہ کیا تھا اور فوجیوں کے ساتھ ہولی منائی تھی۔ انہیں سیاچن کا دورہ کرنا تھا لیکن موسم کی خرابی کے باعث اسے ملتوی کر دیا گیا تھا ۔ لیہہ سے وزیر دفاع نے سیاچن میں تعینات فوجیوں سے فون پر بات کی اور انہیں بتایا تھا کہ وہ جلد ہی دنیا کے بلند ترین میدان جنگ کا دورہ کریں گے اور ان سے بات چیت کریں گے ۔ آج کے دورے کے ساتھمسٹر راج ناتھ سنگھ نے اپنے مصروف شیڈول کے درمیان اپنا وعدہ پورا کیا۔