سرینگر//
آئی جی سی آرپی ایف‘ گیانیندر ورما نے ڈی آئی جی اوستھی کے ہمراہ پاد پاون شوپیاں کا دورہ کیا جہاں پر کل شام مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی ڈرائیور پر فائرنگ کی تھی۔
معلوم ہوا ہے کہ شوپیاں میں دوسرے روز بھی حملہ آوروں کی تلاش جاری رہی۔
اطلاعات کے مطابق آئی جی سی آر پی ایف گیانیندر ورما نے منگل کے روز پادپاون شوپیاں کا دورہ کیا۔
ذرائع نے بتایا کہ آئی جی نے جائے وقوع کا بھی معائنہ کیا اوروہاں پر موجود عین شاہدین سے بھی گفت وشنید کی ۔انہوں نے کہاکہ آئی جی سی آر پی ایف نے آفیسران کو ہدایت دی کہ حملہ آوروں کی جلدازجلد شناخت کا کام مکمل کرکے انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے ۔
ذرائع نے مزید بتایاکہ جائے وقوع کامعائنہ کرنے کے بعد آئی جی سی آر پی ایف نے ڈی آئی جی اوستھی کے ہمراہ شوپیاں میں سیکورٹی صورتحال کا ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران جائزہ لیا۔
میٹنگ کے دوران آئی جی سی آر پی ایف کو جنوبی ضلع شوپیاں کی سیکورٹی صورتحال کے بارے میں بریف کیا گیا ۔
باوثوق ذرائع کے مطابق آئی جی سی آر پی ایف نے جنوبی کشمیر میں سیکورٹی گرڈ اور ہیومن انٹیلی جنس کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔
بتادیں کہ پیر کی شام پاد پاون شوپیاں میں مشتبہ ملی ٹینٹوں نے غیر مقامی ڈرائیور پر فائرنگ کی جس کے نتیجے میں وہ طورپر زخمی ہوا اور بعد ازاں اسے علاج ومعالجہ کی خاطر سرینگر ریفر کیا گیاجہاں پر اس کی حالت مستحکم بتائی جارہی ہے ۔