سرینگر//
پی ڈی پی صدراور سابق وزیر اعلیٰ‘ محبوبہ مفتی کا کہنا ہے کہ بی جے پی ان کو پارلیمنٹ سے باہر رکھنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے ۔
محبوبہ نے کہا کہ جب بھی لوگوں پر مشکل وقت آتا ہے تو میں ان کے لئے آواز بلند کرتی ہوں۔
پی ڈی پی صدر نے ان باتوں کا اظہار پیر کے روز جنوبی کشمیر کے ضلع اننت ناگ میں نامہ نگاروں کے سوالوں کے جواب دینے کے دوران کیا۔
سابق وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا’’۲۰۱۹سے یہاں سب سے بڑا نشانہ پی ڈی پی کوبنایا گیا، اس پارٹی کو توڑ دیا گیا کیونکہ میں نے۲۰۱۹سے ہی ان کے ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کی کوشش کی ہے ‘‘۔
محبوبہ نے کہا’’اب ان کو لگتا ہے کہ اگر میری آواز پارلیمنٹ میں پہنچی تو ان کے لئے مشکلیں پیدا ہوں گے اور شاید جموں و کشمیر اور لداخ کے اصلی حالات کی عکاسی ہو گی‘‘۔انہوں نے کہا’’اس لئے ان کی کوشش ہے کہ جتنا بھی ہوسکے مجھے پارلیمنٹ سے دور رکھا جائے ‘‘۔
پی ڈی پی صدر نے کہا کہ جموں وکشمیر کو بڑے چیلنجوں کا سامنا ہے اور ہماری شناخت پر خطرناک بادل منڈلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا’’جب بھی لوگوں پر مشکل وقت آیا ہے تو میں نے لوگوں ان کیلئے آواز بلند کی ہے‘‘۔
سابق وزیر اعلیٰ نے کہا’’جنوبی کشمیر میرا آبائی وطن ہے اور بجبہاڑہ میرا گھر ہے جب بھی میرا دل تنگ ہوجاتا ہے اور مجھے مشکلیں آتی ہیں تو میں اپنے والد کے مزار پر آکر فاتحہ پڑھتی ہوں‘‘۔
پی ڈی پی صدر کا کہنا تھا’’میں نے ابھی الیکن مہم شروع نہیں کی ہے لیکن اپنے والد کے مزار پر حاضر ہوئی ہوں کیونکہ جب میں نے اپنا سفر شروع کیا تھا تو وہ میرے ساتھ تھے ۔‘‘