سرینگر//
سعودی عرب میںشوال کا چاند نظر نہیں آیا جس کے بعد سلطنت میں عیدالفطر ۱۰؍اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔
سعودی رویت ہلال کمیٹی نے کہا کہ سعودی عرب میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، سعودی عرب میں عیدالفطر ۱۰؍اپریل کو ہوگی۔
واضح رہے کہ سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات میں عیدالفطر کا چاند دیکھنے کیلئے آج اجلاس طلب کیا گیا تھا۔
سعودی سپریم کورٹ نے شہریوں سے اپیل کی تھی کہ۸؍ اپریل کو کوئی بھی شخص شوال کا چاند دیکھے تو اس کی اطلاع قریبی عدالت کو دے، عدالت جانے میں مدد کے لیے لوگ اپنے قریبی مرکز سے بھی رابطہ کر سکتے ہیں۔
متحدہ عرب امارات کی رویت ہلال کمیٹی نے بھی شہریوں سے چاند دیکھنے اور شہادتیں متعلقہ اتھارٹی تک پہنچانے کی اپیل کی تھی۔
سعودی ماہرین فلکیات نے پیش گوئی کی تھی کہ ممکنہ طور پر ۱۰؍ اپریل کو سعودی عرب میں عید الفطر ہوگی۔
واضح رہے کہ ماہرین نے پیش گوئی کی ہے کہ جنوبی ایشیا کے کچھ ممالک میں عیدالفطر کا چاند ۹؍ اپریل کو نظر آنے کا امکان ہے۔
اس دوران لیبیا میں پارلیمنٹ کی مقرر کردہ حکومت نے رویت ہلال کمیٹیوں کو ۲۸روزوں کا چاند دیکھنیکا حکم دے دیا۔
العربیہ اردو کی ایک رپورٹ کے مطابق پارلیمنٹ کی مقرر کردہ حکومت نے فتویٰ کے لیے جنرل اتھارٹی سے وابستہ رویت ہلال کمیٹیوں کو ایک بیان جاری کیا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ کمیٹیاں مخصوص تاریخ سے ایک دن پہلے یعنی ۲۸ رمضان کو عید الفطر کا چاند دیکھیں، اس بیان کی رو سے آج اگر لیبیا میں چاند نظرآتا ہے تو اگلے دن یعنی کل منگل لیبیا میں عیدالفطرہوگی۔
یوں لیبیا میں رمضان ۲۸ روزوں کے ساتھ ختم ہوسکتا ہے مگر لیبیا میں ۲۸روزے ہونے پر ایک روزے کی قضا واجب ہو گی۔
۲۸روزوں پر چاند دیکھنے کے حوالے سے لیبیا کی حکومت کا کہنا ہے کہ آغاز رمضان کا اعلان درست اور شک و شبہ سے بالاتر تھا، اس سال رمضان کے چاند کو ثابت کرنے میں کچھ لوگوں کی طرف سے پیدا ہونے والی الجھن اورعدالتوں کے سامنے گواہوں کی گواہی کے ناقابل قبول ہونے کے پیش نظر ۲۸رمضان المبارک کو شوال کا چاند دیکھنے کا کہا گیا۔
رپورٹ کے مطابق اس تنازع کا آغاز رمضان المبارک کے چاند پر ہوا، لیبیا میں عرب ممالک کے برعکس ۱۱مارچ کے بجائے ۱۲مارچ کو رمضان المبارک کا آغاز ہواتھا۔