سرینگر/29مارچ
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے عین مطابق وادی کشمیرکے پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقام سونہ مرگ میں تازہ برف باری ہوئی ہے ۔
معلوم ہوا ہے کہ سرینگر لہیہ شاہراہ پر زوجیلا کے مقام پر برف باری کے بعد شاہراہ کو ٹریفک کی آمدورفت کے لئے بند کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں مزید برف باری متوقع ہے ۔
اطلاعات کے مطابق وادی کے پہاڑی علاقوں بشمول سیاحتی مقام سونہ مرگ میں جمعے کے روز برف باری ہوئی ۔
معلوم ہوا ہے کہ گلمرگ اور پہلگام کے اوپری پہاڑی علاقوں میں بھی تازہ برف باری کی وجہ سے میدانی علاقوں میں سردی کی شدت میں ایک دفعہ پھر اضافہ ہوا ہے ۔سری نگر سمیت وادی کے دیگر میدانی علاقوں میں جمعرات کی شام سے بارشوں کا سلسلہ جاری ہے ۔
ادھر تازہ برف و باراں کے بعد سری نگر لہیہ شاہراہ پر پھسلن پیدا ہونے کی وجہ سے سڑک کو دو طرفہ ٹریفک کے لئے بند کردیا گیا۔
حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بحالی کا کام مکمل ہونے سے قبل شاہراہ پر سفر کرنے سے اجتناب کریں۔
محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان کے مطابق وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم ابر آلود رہ سکتا ہے اور اس دوران میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں جبکہ پہاڑی علاقوں میں ہلکی برف باری ہونے کا امکان ہے ۔
دریں اثنا سونہ مرگ اور وادی کے دوسرے سیاحتی مقامات پر سیاحوں کا بھاری رش ہے ۔ہوٹل مالکان کے مطابق ملک بھر سے سیاحوں کی آمد کا سلسلہ زوروں سے جاری ہے اور پہلے ہی یہاں کافی تعداد میں مقامی اور غیر مقامی سیاح موجود ہیں۔ان کے مطابق تازہ برف باری سے سیاحوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔
ادھر سیاحت سے جڑے ٹورسٹ گائڈوں، ہوٹل مالکان، رستوران والوں ، شکارہ اور ہاوس بوٹ والوں کے علاوہ کشمیری دستکاری سے وابستہ افراد میں بھی اس بات پر اطمینان پایا جارہا ہے کہ وادی میں سیاح کافی تعداد میں آرہے ہیں جس سے ان کا روزگار چل رہا ہے ۔