نئی دہلی//
کانگریس کی مرکزی الیکشن کمیٹی نے اترپردیش، مدھیہ پردیش اور مرکز کے زیر انتظام جموں و کشمیر کے لوک سبھا انتخابات کے امیدواروں کو حتمی شکل دینے کیلئے جمعرات کو یہاں میٹنگ کی۔
یہ پہلا موقع ہے جب کانگریس صدر ملکارجن کھرگے کی صدارت میں پینل نے سیاسی طور پر اہم اترپردیش کے امیدواروں پر تبادلہ خیال کیا ہے۔
اس بات کی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں کہ راہل گاندھی امیٹھی کے علاوہ کیرالہ میں وائناڈ کی اعلان کردہ نشست اور پرینکا گاندھی واڈرا رائے بریلی سے بھی انتخاب لڑ سکتے ہیں۔ یوپی کی دونوں سیٹیں گاندھی خاندان کا گڑھ سمجھی جاتی ہیں اور کانگریس کی مقامی اکائیوں نے مطالبہ کیا ہے کہ گاندھی خاندان کے دونوں وارثوں کو وہاں سے انتخاب لڑنا چاہئے۔
یوپی کانگریس کے صدر اجے رائے، مدھیہ پردیش کانگریس کے صدر جیتو پٹواری اور جموں و کشمیر یونٹ کے صدر وکر رسول وانی اپنی اپنی ریاستوں کے لئے منعقدہ میٹنگوں میں موجود تھے۔ اس کے علاوہ اے آئی سی سی کے ریاستی انچارج اویناش پانڈے (یوپی)، جتیندر سنگھ (مدھیہ پردیش) اور بھرت سنگھ سولنکی بھی اس موقع پر موجود تھے۔
چیف الیکشن کمشنر کی میٹنگ میں کانگریس کی سابق صدر سونیا گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینو گوپال اور پینل کے دیگر ارکان نے شرکت کی۔حالانکہ راہل گاندھی، جو اس پینل کے رکن بھی ہیں، وہاں موجود نہیں تھے۔
ذرائع نے بتایا کہ پارٹی کی تیسری فہرست ’بہت جلد‘ جاری کی جائے گی۔
یہ لگاتار تیسرا دن ہے جب کانگریس کے چیف الیکشن کمشنر کا اجلاس ہو رہا ہے۔چیف الیکشن کمشنر نے چہارشنبہ کے روز مہاراشٹر، گجرات اور راجستھان ریاستوں کے امیدواروں پر تبادلہ خیال کیا تھا۔
کانگریس نے ۱۹؍اپریل سے شروع ہونے والے سات مرحلوں کے لوک سبھا انتخابات کیلئے اب تک دو فہرستوں میں۸۲؍امیدواروں کا اعلان کیا ہے۔