نئی دہلی//
جموں کشمیر کے سابق وزیر اور ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن کے چیئرمین چودھری لال سنگھ نے نئی دہلی میں کانگریس میں شمولیت اختیار کی۔
سنگھ کا اودھم پور حلقہ سے لوک سبھا انتخاب لڑنے کا امکان ہے۔
جموں و کشمیر کے کانگریس جنرل سکریٹری انچارج بھرت بھائی سولنکی، پارٹی کے کمیونیکیشن ڈپارٹمنٹ کے انچارج پون کھیڑا اور ریاستی کانگریس صدر نے بدھ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران انہیں کانگریس پارٹی کی رکنیت دلائی۔
سولنکی نے اس موقع پر کہا کہ۲۰۲۴میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی ہونے والی ہے اور کانگریس اکثریت کے ساتھ مرکز میں برسراقتدار آئے گی۔ سیاست میں جموں و کشمیر کا کردار اہم ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ لال سنگھ چودھری کے کانگریس میں شامل ہونے سے یہ واضح ہے کہ جموں و کشمیر میں ایک بڑی سیاسی تبدیلی آنے والی ہے ۔
سنگھ نے کہا کہ انہوں نے وشنو دیوی میں پٹو فروشوں اور گھڑ سواروں پر عائد ٹیکس معاف کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ اتفاق ہے کہ وہ جس پارٹی میں کھڑے ہوتے ہیں وہ اقتدار میں آتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ۲۰۰۴میں جب بی جے پی کا شائننگ انڈیا کا نعرہ اپنے عروج پر تھا تو انہوں نے بی جے پی کو شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ آج وہ کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ لوگ ڈر کے مارے بی جے پی میں شامل ہو رہے ہیں، لیکن وہ ڈرے نہیں اور نہ کبھی ڈریں گے اور لڑتے رہیں گے ۔
سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں الیکشن لڑنا آسان نہیں ہے ۔ اس پر کئی حملے ہوئے اور وہ بار بار بچتے رہے ۔ ایک حملے میں ان کے ساتھ آٹھ افراد مارے گئے لیکن وہ بچ گئے ۔
سابق کانگریسی سنگھ نے۲۰۱۴کے عام انتخابات کے بعد پارٹی چھوڑ دی تھی اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) میں شامل ہوگئے تھے جہاں انہوں نے پی ڈی پی،بی جے پی مخلوط حکومت میں وزیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیں۔
اودھم پور سے دو مرتبہ رکن پارلیامان رہ چکے سنگھ کے کانگریس میں واپس آنے سے اس پارٹی کو اس سیٹ سے زبردست تقویت ملے گی جہاں وزیر اعظم دفتر (پی ایم او) میں وزیر مملکت (ایم او ایس) ڈاکٹر جتیندر سنگھ بی جے پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔
ان کی امیدواری اودھم پور سیٹ پر مقابلہ کو دلچسپ بنا دے گی کیونکہ ان کے آبائی ضلع کٹھوعہ میں ان کی اپنی بنیاد ہے اور اس حلقہ کے ڈوڈہ، کشتواڑ اور رام بن اضلاع میں کانگریس کی اچھی ساکھ ہے۔
سنگھ کے داخلے کے ساتھ ہی ان کے اور جتیندر سنگھ کے درمیان براہ راست مقابلہ ہوگا جبکہ ڈیموکریٹک پروگریس آزاد پارٹی (ڈی پی اے پی) کے امیدوار اور اندروال سے سابق ایم ایل اے غلام محمد سروری بھی کشتواڑ کے باشندے ہونے کے ناطے اہم کردار ادا کریں گے۔
اودھم پور میں آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے میں ۱۹؍ اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔