نئی دہلی/سرینگر/۱۱مارچ
ہند وپا ک میں رمضان المبارک کا چاندنظر آگیا ہے ۔منگل ۱۲ مارچ کو رمضان المبارک کی پہلی تاریخ ہو گی ۔
امارت شرعیہ ہند کے ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ آج بعد نماز مغرب رﺅیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند کی میٹنگ مولانا نیاز احمد فاروقی صاحب سکریٹری جمعیتہ علما ءہند کے زیر صدارت، امارت شرعیہ ہند کے مرکزی دفتر ۱۔بہادر شاہ ظفر مارگ نئی دہلی میں منعقد ہوئی۔
چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا۔ دہلی سمیت ملک کے بیشتر مقامات سے بھی رویت عامہ کی اطلاعات موصول ہوئیں۔
اس لیے رﺅیت ہلال کمیٹی امارت شرعیہ ہند اعلان کرتی ہے کہ۲۹کی رویت شرعاً ثابت ہوگئی ہے۔ کل بتاریخ۱۲ مارچ۲۰۲۴ءبروز منگل ماہ رمضان المبارک ۱۴۴۵ھ کی پہلی تاریخ ہوگی۔سبھی لوگوں کو رمضان المبارک کی آمد مبارک ہو۔
اس دوران پاکستان میں رمضان المبارک 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے اورکل بروز منگل پہلا روزہ ہوگا اور آج پہلی تراویح ہوگی۔
دریں اثنا مفتی اعظم ناصر الاسلام نے اعلان کیا ہے کہ جموں و کشمیر میں رمضان المبارک کا مقدس مہینہ 12 مارچ سے شروع ہوگا کیونکہ آج رات چاند نظر آیا ہے۔