سرینگر//
بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) جموںکشمیر یونٹ کے صدر‘ رویندر رینا نے ہفتے کے روز کہا کہ نیشنل کانفرنس اور پی ڈی پی کے درمیان کیا ہوا اس سے ان کا کوئی لینا دینا نہیں ہے بلکہ ان کا مقصد غریبوں کی خدمت کرنا ہے ۔
رینا نے کہا’’میں چاہتا ہوں کہ سب بی جے پی میں شامل ہوجائیں بلکہ جن کی آپس میں تکرار ہوئی ہے وہ بھی ہماری پارٹی میں آجائیں‘‘۔
یونٹ صدر نے ان باتوں کا اظہار ہفتے کے روز جنوبی کشمیر کے قاضی گنڈ علاقے میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات چیت کرنے کے دوران کیا۔
بی جے پی لیڈر نے کہا’’عمر عبداللہ صاحب نے پی ڈی پی کے بارے میں جو کچھ بولا اور محبوبہ جی نے جو اس کا جوابی حملہ کیا یہ ان دونوں پارٹیوں کا آپسی معاملہ ہے میں اس پر کوئی بیان نہیں دوں گا‘‘۔
رینا کا کہنا تھا’’میرا ایک ہی مقصد ہے کہ غریب خوش رہیں، غریب کی خدمت کی جائے ، ہم یہاں امن اور خوشحالی کے لئے کام کر رہے ہیں‘‘۔
بی جے پی یونٹ صدر نے کہا’’ہم چاہتے ہیں کہ سب بی جے پی میں شامل ہوجائیں وہ بھی جن کی آپس میں تکرار ہوئی ہے ‘‘۔انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے غریبوں کی بھلائی کے لئے کئی کام کئے ۔
ان کا کہنا تھا کہ مودی جی کی حکومت میں غریبوں کو مفت راشن اور مکان مل رہے ہیں۔