نئی دہلی// عام آدمی پارٹی نے کہا کہ جب سے وی کے سکسینہ دہلی کے لیفٹیننٹ گورنر بنے ہیں، یہاں کے مختلف علاقوں میں لوگوں کے مکانات کو گرانے کا عمل جاری ہے ۔
عام آدمی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کابینی وزیر سوربھ بھاردواج نے کہا کہ حال ہی میں دہلی اسمبلی میں اس بات کو لے کر کافی ہنگامہ ہوا تھا کہ پچھلے ڈیڑھ سال سے جب سے نئے لیفٹیننٹ گورنر دہلی آئے ہیں، دہلی کے مختلف علاقوں میں مسلسل لوگوں کے گھروں کو اجاڑنے کا سلسلہ جاری ہے ۔ اسی سلسلے میں کل اور پرسوں مجنو ٹیلے کے قریب کچی آبادی کو گرانے کے نوٹس تقسیم کیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ادارے ، چاہے ڈی ڈی اے ہو، ایل این ڈی او ہو، ریلوے ہو یا آرکیالوجیکل سروے آف انڈیا، مرکز کے تحت آنے والی یہ تمام ایجنسیاں دہلی کی غریب کچی بستیوں میں رہنے والے لوگوں کے مکانات کو گرانے کا کام لگاتار کررہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی اے نے مجنو کا ٹیلہ کے قریب گزشتہ 13 سال سے رہائش پذیرپاکستان سے آنے والے ہندو پناہ گزینوں کے مکانات کو مسمار کرنے کا نوٹس جاری کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کے مختلف علاقوں میں کچی بستیوں میں رہنے والے ان غریب لوگوں سے لیفٹیننٹ گورنر کی آخرکیا دشمنی ہے ؟
اے اے پی لیڈر نے کہا کہ پورا ملک اچھی طرح جانتا ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) ہندوتوا کے نام پر الیکشن لڑتی ہے ، خود کو ہندو دوست پارٹی کہتی ہے اور ہندوتوا کے نام پر ملک کے عوام سے ووٹ مانگتی ہے ۔ خود کو ہندو دوست بتانے والی بی جے پی کی حکمرانی والی مرکزی حکومت پاکستان سے اپنی جان بچاکر آئے ہزاروں ہندو پناہ گزینوں کے گھروں کو تباہ کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا یہ دوہرا کردار آج پورے ملک کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کا نہ تو ہندوتوا سے اور نہ ہی ہندوؤں سے کوئی لینا دینا ہے ، وہ صرف اورصرف ہندوتوا کے نام پر اپنی سیاسی روٹیاں سینک رہی ہے ۔