نئی دہلی//
اقلیتوں کے قومی کمیشن (این سی ایم) کے چیئرمین اقبال سنگھ لال پورہ نے پاکستان میں دو سکھوں کے قتل پر تشویش کا اظہار کیا ہے اور وزارت خارجہ سے اس معاملے کو حکومت پاکستان کے ساتھ اٹھانے کی اپیل کی ہے ۔
لال پورہ نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان کے پشاور میں ۴۲سالہ رنجیت سنگھ اور ۳۸ سالہ کلجیت سنگھ کے قتل کے بارے میں سن کر بہت دکھ ہوا۔ بھارت کی سکھ برادری پاکستان میں رہنے والے۶۰۰۰سکھوں کے تحفظ کے حوالے سے فکر مند ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سکھوں کا قتل اور مذہب کی تبدیلی کے لیے سکھ لڑکیوں کا اغوا قابل مذمت ہے ۔ سکھوں کے جذبات اور ان کی سلامتی سے متعلق تشویش کا معاملہ وزارت خارجہ کے سامنے رکھا گیا ہے ۔ اس کے ساتھ پاکستان میں رہنے والے سکھوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے مداخلت کی درخواست کی گئی ہے ۔
پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخواہ کے دارالحکومت پشاور میں تقریباً ۱۵ہزارسکھ آباد ہیں۔ ان میں سے زیادہ تر کا تعلق کاروبار سے ہے ، جب کہ کچھ فارمیسی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔ اتوار کو پشاور کے مضافات میں سکھ برادری کے دو افراد کو نامعلوم حملہ آوروں نے قتل کر دیا تھا۔