سرینگر//
ایس ایس پی گاندربل‘ نکھل بورکر نے پیر کے روز بال تل سے امرناتھ جی پوتر گھپا تک کے یاترا راستے کا دورہ کیا اور یاترا سے متعلق کئے گئے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔
اس دوران ضلع کے دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی ان کے ہمراہ تھے ۔
ایک پولیس ترجمان نے کہا کہ موصوف ایس ایس پی نے پوتر گھپا کی طرف جانے والے تمام راستوں کا معائینہ کیا اور ان پر یاتریوں کی حفاظت کے لئے تعینات سیکورٹی بندو بست کا جائزہ لیا۔انہوں نے کہا کہ دورے کے دوران ایس ایس پی نے یاترا کے لئے کئے جانے والے دیگر سیکورٹی انتظامات کا بھی جائزہ لیا۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ نکھل بورکر نے بال تل بیس کیمپ، دومیل اور دیگر اہم مقامات پر بھی سیکورٹی بندوبست کا تفصیلی جائزہ لیا اوراس کے علاوہ انہوں نے یاترا کانوائے کے بلا خلل نقل و حمل کو یقینی بنانے کے لئے کئے جانے والے ٹریفک انتظامات اور پارکنگ سہولیات کا بھی جائزہ لیا۔
ترجمان نے کہا کہ ایس ایس پی نے افسران کو ہدایات دیں کہ وہ یاترا کے دوران انتہائی مستعدی کا مظاہرہ کرکے گاڑیوں کی چیکنگ کو یقینی بنائیں۔
بتادیں سالانہ امرناتھ جی یاترا کا آغاز۳۰جون سے ہوگا اور۴۳دنوں پر محیط یہ یاترا مذہبی روایات کے مطابق رکھشا بندھن کے روز یعنی۱۱؍اگست کو اختتام پذیر ہوگی۔
اس یاترا کے حوالے سے آن لائن رجسٹریشن کا عمل جاری ہے اور توقع کی جارہی ہیں کہ اس سال ریکارڈ توڑ یاتری یاترا کریں گے ۔