نئی دہلی// انڈین ایگریکلچرل ریسرچ انسٹی ٹیوٹ ( آئی اے آر آئی )، آسام کی انتظامی اور تعلیمی عمارتوں، ہاسٹلز اور گیسٹ ہاؤسز کا باقاعدہ افتتاح کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی، مرکزی زراعت اور کسانوں کی بہبود اور قبائلی امور کے وزیر ارجن منڈا ورچوئل میڈیم کے ذریعے شامل ہوئے ۔ اس کے ساتھ ہی آسام میں زراعت اور کسانوں کی بہبود کے مرکزی وزیر مملکت کیلاش چودھری اور علاقائی اراکین پارلیمنٹ اور ریاستی وزراء موجود تھے ۔
مرکزی وزیر ارجن منڈا نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی شمال مشرقی خطہ کی ترقی پر خصوصی زور دیتے ہیں۔ مرکزی حکومت نے شمال مشرقی ریاستوں میں زراعت کی ترقی میں پائے جانے والے خلاء کو ختم کرنے اور انہیں مرکزی دھارے میں لانے کا کام کیا ہے اور وزیر اعظم نے شمال مشرقی خطے کی ترقی کو ایک نئی جہت دی ہے ۔ سابقہ حکومتوں نے شمال مشرق کو نظر انداز کیا، لیکن وزیر اعظم بننے کے بعد مسٹر مودی نے مختلف پلیٹ فارمز پر شمال مشرق کی ترقی کی صلاحیت کو بروئے کار لانے کی کوشش کرتے ہوئے خطے کا باقاعدہ دورہ کیا۔ مسٹر منڈا نے کہا کہ حکومت 2047 تک ملک کو ایک ترقی یافتہ قوم بنانے کے عزم کے ساتھ کام کر رہی ہے ، جس میں زراعت کا کردار بہت اہم ہے ۔ خوردنی تیل کی درآمدات کے بوجھ کو کم کرنے اور تیل کے بیجوں میں خود انحصاری کے لیے 11 ہزار کروڑ روپے کا مشن چلایا جا رہا ہے ۔ ہمیں یہ سوچ کر کام کرنا ہے کہ آنے والے دنوں میں ہم امپورٹ نہیں ایکسپورٹ کریں گے ۔ جب ہم وژن کے ساتھ کام کرتے ہیں تو ہمیں کامیابی ضرور ملتی ہے ۔