سرینگر//
چیف الیکٹورل افسر(سی ای او) جموں وکشمیر پی کے پولے کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا آگلے بیس دنوں میں لوک سبھا انتخابات کا شیڈول نوٹیفایی کرے گا۔
پولے نے کہاکہ جموںکشمیر میں پر امن ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کی خاطر تیاریاں زو و شور سے جاری ہیں۔
ان باتوں کا اظہار موصوف نے اننت ناگ میں نامہ نگاروں سے بات چیت کے دوران کیا۔
سی ای او نے کہاکہ پارلیمانی انتخابات کے حوالے سے جموں وکشمیر کے سبھی اضلاع میں تیاریاں شروع کی گئی ہے ۔
پولے کے مطابق پر امن، منصفانہ الیکشن کی خاطر جموں وکشمیر میں انتظامی اور سیکورٹی سطح پر میٹنگیں جاری ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ پارلیمانی چناو کو بہ احسن خوبی پایہ تکمیل تک پہنچانے کی خاطر اضافی دستوں کو تعینات کیا جارہا ہے ۔
سی ای او نے کہاکہ لوگوں کو بغیر کسی خوف کے اپنی رائے دہی کا استعمال کرنا چاہئے ، اگر لوگوں کو امیدوار پسند نہیں تو نوٹا کے ذریعے بھی لوگ اپنی رائے دے سکتے ہیں۔
پولے کے مطابق ووٹنگ کا استعمال ایک جمہوری حق ہے لہذا لوگوں کو چناو میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے ۔
سی ای او کا کہنا تھا کہ پولنگ اسٹیشنوں پر پانی اور بجلی کی دستیابی کے ساتھ ساتھ سبھی طرح کے انتظامات کئے جارہے ہیں تاکہ رائے دہند گان کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے ۔