سرینگر/۴مارچ
وادی کشمیر کو ملک کے باقی حصوں کے ساتھ جوڑنے والی سرینگر، جموں قومی شاہراہ پر پیر کے روز یک طرفہ ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی۔
بتادیں کہ موسلا دھار بارشوں کے باعث کئی مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کی وجہ سے قومی شاہراہ پر گذشتہ کچھ روز سے ٹریفک کی نقل و حمل بند تھی۔
ٹریفک حکام نے بتایا کہ قومی شاہراہ پر یک طرف ٹریفک کی نقل و حمل بحال کر دی گئی ہے ۔
انہوں نے کہا کہ پیر کو گاڑیوں کو جموں سے سری نگر جانے کی اجازت ہے ۔
لوگوں سے تاکید کی گئی ہے وہ لین ڈسپلین کا خیال رکھیں اور اوور ٹیکنگ کرنے سے گریز کریں۔
ادھر جنوبی کشمیر کے ضلع شوپیاں کو صوبہ جموں کے پونچھ اور راجوری اضلاع کے ساتھ جوڑنے والے تاریخی مغل روڈ اور سرینگر، لیہہ شاہراہ پر برف جمع ہونے کی وجہ سے ٹریفک کی نقل و حمل مسلسل بند ہے ۔
قابل ذکر ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہونے سے اہلیان وادی کو گونا گوں مشکلات سے دو چار ہونا پڑتا ہے ۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ قومی شاہراہ کے بند ہوتے ہی یہاں کے بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی قلت پیدا ہوجاتی ہے اور گراں بازاری آسمان چھونے لگتی ہے ۔