نئی دہلی//نیشنل ہیومن رائٹس کمیشن (این ایچ آر سی) کی پانچ رکنی ٹیم نے پیر کو مغربی دہلی میں منڈکا میٹرو اسٹیشن کے نزدیک اس تجارتی عمارت کا دورہ کیا جہاں جمعہ کو زبردست آگ لگ جانے سے کم از کم 27 لوگوں کی موت اور کئی دیگر زخمی ہوگئے تھے.
این ایچ آر سی نے ٹویٹ کیاکہ ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس ایس کے مینا کی قیادت میں تفتیشی ٹیم نے عمارت کا دورہ کیا جہاں آگ لگ جانے کے واقعہ میں کم از کم 27 افراد ہلاک اور کئی دیگر جھلس گئے تھے۔
کمیشن نے اتوار کو دہلی حکومت کے چیف سکریٹری کو نوٹس جاری کرکے دو ہفتوں کے اندر رپورٹ مانگی ہے، جس میں ذمہ داروں کے خلاف کارروائی اور راحت اور بازآبادکاری کی صورتحال طے کرنا بھی شامل ہے۔
کمیشن نے میڈیا رپورٹس کی بنیاد پر پایا کہ سرکاری ملازمین کی قانونی ذمہ داریوں سے مکمل لاتعلقی کے باعث انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
اس حادثے کے بعد کئی لوگوں کے لاپتہ ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ لاپتہ افراد کے اہل خانہ ان کی تلاش میں ابھی بھی اسپتالوں اور تھانوں کے چکر لگا رہے ہیں۔