نئی دہلی// دہلی کیپٹلس کے کپتان رشبھ پنت انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) کے پہلے مرحلے میں وکٹ کیپنگ نہیں کریں گے۔
اس معلومات کو شیئر کرتے ہوئے دہلی فرنچائزی کے شریک مالک پارتھ جندل نے کہا کہ پنت آئی پی ایل کے پہلے مرحلے میں صرف کپتانی کریں گے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جنوبی افریقہ کے تیز گیند باز اینرک نورکھی دہلی میں ہونے والے پہلے میچ تک فٹ ہو جائیں گے۔ دہلی کو اپنا پہلا میچ 23 مارچ کو پنجاب کنگز کے ساتھ کھیلنا ہے۔
جندل نے کہا کہ ٹیم ڈائریکٹر سورو گنگولی اور کوچ رکی پونٹنگ کا تھنک ٹینک پنت کی واپسی کے بارے میں پراعتماد ہے۔ تاہم، بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا (بی سی سی آئی) سے اجازت ملنی ابھی باقی ہے۔
جندل نے کہا، “رشبھ بیٹنگ کر رہے ہیں، انہوں نے رن بھی دوڑنا شروع کر دیا ہے۔ وہ آئی پی ایل کے لیے پوری طرح فٹ ہوجائیں گے۔ میں پنت کے کھیلنے کی امید کر رہا ہوں اور وہ پہلے میچ سے ٹیم کی قیادت کریں گے۔ انہوں نے وکٹ کیپنگ بھی شروع کر دی ہے لیکن وہ صرف پہلے سات میچوں میں بیٹنگ کریں گے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہوگا کہ میچ کے بعد ان کا جسم کیسا ردعمل ظاہر کرتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پنت نے اس ہفتے الور میں این سی اے اور بی سی سی آئی کے طبی عملے کی نگرانی میں ایک پریکٹس میچ کھیلا تھا۔ منگل کو انہوں نے اپنے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو بھی پوسٹ کی، جس میں وہ وکٹ کیپنگ کے ساتھ ساتھ رن ٹیکنگ کی پریکٹس کرتے نظر آئے۔ بدھ کو انہوں نے پریکٹس میچ میں 20 اوور تک بیٹنگ اور فیلڈنگ کی۔ دہلی کیمپ میں شامل ہونے سے پہلے پنت اس طرح کے کچھ اور پریکٹس میچ کھیلیں گے۔
وہ بی سی سی آئی کی منظوری کے بعد ہی وشاکھاپٹنم میں دہلی کے پریکٹس کیمپ میں شامل ہوں گے۔