کوئی جلے پر نمک چھڑکنا اپنے وزیر اعظم شریمان مودی جی سے سیکھے … ایسا نمک چھڑکتے ہیں کہ … کہ اللہ ہی حافظ ہے… کہتے ہیں کہ دنیا جانتی ہے یا دنیا بھی جانتی ہے کہ… کہ ’آئے گا تو مودی ہی‘۔اب یہ نمک چھڑکنا نہیں ہے تو … تو اور کیا ہے کہ ایک طرف کانگریس ہے جہاں سے لوگ جا رہے ہیں اور ہول سیل میں جا رہے ہیں… اور ایک مودی جی ہیں کہ کہتے ہیں کہ میں آرہا ہوں‘پھر سے آرہا ہوں‘تیسری بار آرہا ہوں… اور یہ بات ساری دنیا بھی جا نتی ہے ۔ اندازہ کیجئے کہ ان کی باتوں سے کانگریس کا کیا حال بے حال ہو رہا ہے… جس رفتار سے کانگریس سے انخلاء جاری ہے … وہ بھی چھوٹے موٹے کارکنوں کا نہیں بلکہ بڑے بڑے لیڈروں کا… جو ملک کی بڑی بڑی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ رہ چکے ہیں… جس رفتار سے یہ کانگریس چھوڑ کر جا رہے ہیں… اللہ میاں کی قسم ہم حیران نہیں ہوں اور… اور بالکل بھی نہیں ہوں گے اگر کل کو راہل گاندھی بھی کانگریس کو چھوڑ دیں … کانگریس کو چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوجائیں… اگر ایسا ہو تا ہے تو … تو ہم حیران نہیں ہوں گے اور اس لئے نہیں ہوں گے کہ… کہ کانگریس کا حال ہی ایسا ہے… ایسا حال بے حال کہ… کہ لوک سبھا الیکشن میں ابھی دو ڈھائی ماہ ہیں … ابھی ایک ووٹ بھی نہیں پڑا اور… اور اپنے مودی جی تیسری بار حلف اٹھانے کی تیاریوں میں جٹ گئے ہیں… ممکن ہے کہ وزیر اعظم نے حلف برداری کی تقریب کیلئے کوئی نیا سوٹ بھی سلوانے کیلئے دیا ہو… اور اس لئے نہیں دیا ہو کہ… کہ ان کی جماعت بی جے پی مضبوط نہیں بلکہ مضبوط ترین جماعت ہے… اللہ میاں کی قسم اس لئے نہیں… بلکہ صرف اس ایک بات کیلئے کہ… کہ انہیں جس حریف جماعت سے مقابلہ ہونے جا رہا ہے… جس اپوزیشن سے ان کی انتخابی دنگل ہونے والی ہے وہ … وہ کمزور نہیں بلکہ کمزور ترین ہے…اتنی کمزور کہ… کہ دینا کو بھی یقین ہو چلا ہے کہ… کہ’ آئے گا تو مودی ہی‘… اور اسی لئے وزیر اعظم کو جولائی… اگست ور ستمبرمیں غیر ممالک کے دوروں کی دعوت مل گئی ہے… دنیا بھی جانتی ہے کہ مودی جی کا مقابلہ کس سے… ایک ایسی کمزور سیاسی جماعت سے جسے خود بھی یقین ہو چلا ہے اور… اور سو فیصد ہو چلا ہے کہ ’ آئے گا تو مودی ہی‘ ۔ ہے نا؟