جموں//
منیجنگ ڈائریکٹرکشمیر پاور ڈسٹری بیوشن کارپوریشن لمیٹڈ (کے پی ڈی سی ایل) مسرت اسلام نے آج کے پی ڈی سی ایل کے تمام سب ڈویژنل افسروں کے ساتھ ایک میٹنگ کی صدارت کی جس میں صوبہ کشمیر میں فیڈر وار اے ٹی اینڈ سی ( مجموعی تکنیکی اور کمرشل ) نقصانات کا جائزہ لیا گیا۔
جائزہ میٹنگ میں ایم ڈی کے پی ڈی سی ایل نے تمام ایس ڈی اوز کو اے ٹی اینڈ سی کے نقصانات کو کم کرنے اور سمارٹ میٹرنگ سیچوریشن میں نمایاں بہتری دِکھانے ، بِلنگ او روصولی کی کارکردگی کو بڑھانے کے لئے مستقل ہدایات جاری کیں۔
اُن صارفین کے بجلی کنکشن منقطع کرنے کی بھی ہدایت جاری کی گئی جو اَپنے بقایا جات بجلی کی ادائیگی میں ناکام رہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر نے پہلے سے نصب ایل ٹی اے بی کیبل کی چارجنگ اور بیئر کنڈکٹر سے سمارٹ میٹروں کی منتقلی کو یقینی بنانے کے لئے ایس ڈی اوز کو واضح ہدایات جاری کیں کہ وہ تبدیلی کے لئے پروجیکٹ پر عمل کرنے والے اَیجنسیوں کے ساتھ رابطہ کریں تاکہ بجلی چوری بالخصوص ہُکنگ کو مکمل طور پر روکا جاسکے۔ اُنہوں نے ایگزیکٹیو انجینئروں کو اپنے متعلقہ الیکٹرک ڈویژنوں میں پہلے سے نصب ایل ٹی اے بی کیبل کی چارجنگ کی سہولیت فراہم کرنے کی بھی ذمہ داری سونپی۔
میٹنگ میں منیجنگ ڈائریکٹر کوجانکاری دی گئی کہ جنوری۲۰۲۴ء کے مہینے میں بجلی کے واجبات کی عدم اَدائیگی پر۲۶ہزار۷۴۶ صارفین کے کنکشن منقطع کئے گئے ۔ اُنہیں یہ بھی بتایا گیا کہ غیر مجاز طریقوں سے بجلی چوری کرنے والے صارفین پر لگائے گئے جرمانے کی مد میں۵۰ء۷ کروڑ روپے جمع کئے گئے۔
کے پی ڈی سی ایل نے تمام ڈویژنوں میں بجلی کے واجبات کی عدم اَدائیگی پر صارفین کے خلاف اَپنی کنکشن منقطع مہم کو مزید تیز کیا ہے ۔
چیف اِنجینئر (ڈسٹری بیوشن) نے ایس ڈی اوز پر زور دیا کہ بجلی چوری اور ریونیو ڈیفالٹ پر زیرو ٹالرنس ہوگی۔ اُنہوں نے ایس ڈی اوز کو ہدایت دی کہ ان صارفین کے خلاف اَپنی منقطع مہم کو مزید تیز کر یں جن کے واجبات واجب الاداہیں۔
چیف اِنجینئرنے تمام۶سرکلوں کے ایس ایز کو مشورہ دیا کہ وہ ایس ڈی اوز کی کارکردگی کا تجزیہ کریں اور اے ٹی اینڈ سی انڈکس کو بہتر بنانے کے لئے ضروری اِصلاحی اَقدامات کریں۔