جموں//
جموں کشمیر میں سڑک روابط کو بہتر بنانے کیلئے اپنی مسلسل حمایت میں مرکزی وزارت دیہی ترقی نے ۱۳۴کلو میٹر کی لمبائی والی۱۲ سڑکوں کی اپ گریڈیشن اور ۳۸ء۱۵۲ کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے ایک پُل پروجیکٹ کیلئے ایک اور پیکیج کو منظوری دی ہے ۔
اس کے ساتھ کل ۲۳۳ سڑکوں کے پروجیکٹ‘ جن کی لمبائی۱۷۵۰ کلو میٹر ہے اور ان سڑکوں کی الائنمنٹ میں ۶۶پل آتے ہیں ، جموں و کشمیر کیلئے پی ایم جی ایس وائی سوم پروگرام کے تحت۴۶ء۲۴۵ کروڑ روپے کی تخمینہ لاگت سے اپ گریڈیشن کیلئے منظوری دی گئی ہے ۔
پردھان منتری گرام سڑک یوجنا سوم ( پی ایم جی ایس وائی سوم) ۲۴۔۲۰۲۳ کے بیچ سوم کے تحت جموں و کشمیر کے یو ٹی کے ذریعہ پیش کردہ بیلنس کی لمبائی کی تجاویز کو ۱۶فروری۲۰۲۴ کو منظوری دی گئی ہے ۔
اس دوران لیفٹیننٹ گورنر‘ منوج سنہا نے جموں کشمیر کے مرکزی علاقے میں سڑکوں کے بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کی منظوری کیلئے وزیر اعظم ‘نریندر مودی اور دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے مرکزی وزیر جناب گری راج سنگھ کا شکریہ ادا کیا ۔
ایل جی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا’’معزز وزیر اعظم جناب نریندر مودی جی اور دیہی ترقی اور پنچائتی راج کے وزیر جناب گری راج سنگھ جی کا مشکور ہوں کہ ۱۲ سڑکوں کی اپ گریڈیشن پروجیکٹوں اور پی ایم جی ایس وائی سوم‘ بیچ سوم کے تحت ایک پل کی تعمیر کیلئے ۱۵۲ کروڑ روپے کی منظوری دی ‘‘۔
سنہا کا مزید کہنا تھا’’سڑکوں کی اپ گریڈیشن کے پروجیکٹوں سے جے اینڈ کے یو ٹی کے۶؍اضلاع میں سینکڑوں بستیوں کو فائدہ پہنچے گا ۔ سرحدی ضلع پونچھ کیلئے دو لین والا پُل سفر کی زیادہ آسانی کو یقینی بنائے گا اور یہ گاؤں کو خوشحالی سے جوڑے گا اور مجموعی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا حصہ ڈالے گا ۔ ‘‘