ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے کہ ہم ہمسایہ ملک کے عمران خان کیخلاف ہیں… ایسا نہیں ہے۔ہاں یہ بھی سچ ہے کہ اگر ہوں گے بھی تو بھی انہیں کیا فرق پڑے گا۔خیر! سیاستدان جھوٹے‘ دھوکے باز اور مکار ہوتے ہیں…‘ اس میں کوئی شک نہیں ہے…اور ہاں بد عنوان بھی !… عمران خان انہی جھوٹے‘ دھوکے باز ‘ مکار اور بدعنوان سیاستدانوں سے اپنے ملک کو نجات دلانے کیلئے میدان میں کود پڑا تھا کہ… کہ اس کا جاننا اور ماننا تھا کہ اللہ نے اسے سب کچھ دیا ہے‘ اسے کسی چیز کی کمی نہیں ہے‘صرف ملک کو ان جھوٹے‘ دھوکے باز‘ مکار اور بد عنوان سیاستدانوں سے نجات دلانے کیلئے سیاستدان میں آگیا ہوں … خان اپنے ملک کو ان جھوٹے‘ مکار‘ دھوکے باز اور بد عنوان ستاستدانوں سے نجات تو نہیں دلا سکا لیکن… لیکن خود ضرور جھوٹا‘ مکار‘ دھوکے باز اور… اور بد عنوان بن گیا ۔ ایک دو سال پہلے اس نے اپنے دیش واسیوں کو بتایا کہ امریکہ اور کچھ دیگر غیر ملکی قوتیں ملک میں مداخلت کررہی ہیں… خان نے سائفر معاملہ کو ملک میں مداخلت قرار دے کر اپنے حق میں رائے عامہ منظم کرنے کی ایک تحریک چلائی … جب اس نے اعتماد کا ووٹ کھودیا تو اس کیلئے بھی اس نے امریکہ کو ذمہ دار قراردیا… آج دو سال بعد جب پاکستان میں الیکشن ہو ئے… متنازعہ الیکشن ہو ئے تو… تو یہی خان امریکہ سے ‘ عالمی طاقتوں سے مداخلت کی اپیل کررہا ہے…اور اس لئے کررہا ہے کیونکہ اس کا ماننا اور جاننا ہے کہ اس کے حمایت یافتہ امیدواروں کو ہرادیا گیا ہے… خان ایسا اس کے باوجو د کہہ رہا ہے کہ کے پی کے میں اس کی جماعت نے الیکشن جیتا ‘ قومی اسمبلی میں اس کے حمایت یافتہ امیدواروں کی سب سے زیادہ تعداد ہے… اس کے باوجود خان ان انتخابات کو صاف و شفاف ماننے سے انکار کررہا ہے… ممکن ہے کہ ایسا ہی ہو اور … اور یہ انتخابات سچ میں غیر منصفانہ ہوں لیکن … لیکن خان امریکہ سے ‘ عالمی قوتوں سے مداخلت کرنے کی اپیل کس منہ سے کررہا ہے ؟ یہ کیا بات ہوئی کبھی خان نام نہاد امریکی مداخلت کیخلاف سڑکوں پر اتر تا ہے‘ملک کا پہیہ جام کراتا ہے… لوگوں کو سڑکوں پر لاتا ہے اور… اور اب اسی امریکہ کو ملک کے انتخابی عمل میں مداخلت کی منتیں کررہا ہے… یہ کون سی سیاست ہے‘ اس سیاست کو کون سا نام دیا جائے…کیا یہ خان کی مکاری اور دھوکہ بازی نہیں ہے… اس کا یہ دہرا معیار نہیں ہے … ہے نا؟