نئی دہلی/ 16 فروری
وزیر اعظم نریندر مودی نے کانگریس پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان سب سے پرانی پارٹی کی ’بدعنوان‘ حکمرانی کے تحت کارکردگی دکھانے میں ناکام رہا ہے۔
مودی نے کہا کہ کانگریس بدعنوان ہے۔ وہ مستقبل کے بارے میں نہیں سوچ سکتی۔ اس سال اپریل مئی میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات سے قبل وزیر اعظم نے کہا کہ ہندوستان کانگریس کے تحت ترقی کرنے میں ناکام رہا ہے۔
وزیر اعظم مودی ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعہ ’وکاس بھارت وکاست راجستھان‘پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔
کانگریس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے مزید کہا کہ آزادی کے بعد آج یہ سنہری دور آگیا ہے۔ ”ہندوستان کے پاس یہ موقع ہے کہ وہ 10 سال پہلے کی تمام مایوسیوں کو پیچھے چھوڑ دے۔ ہندوستان اب اعتماد کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے۔ 2014 سے پہلے صرف گھوٹالوں اور بم دھماکوں کی بات ہوتی تھی۔ ہندوستان میں لوگ سوچتے تھے کہ ان کا اور ملک کا کیا ہوگا۔ کانگریس کے دور حکومت میں ایسا ہی ماحول تھا“۔
وزیر اعظم نے کہا کہ کانگریس کا ایک ہی ایجنڈا ہے، مودی مخالف اور مودی مخالف۔ وہ مودی کے خلاف ایسی باتیں پھیلاتی ہے، جو سماج کو تقسیم کرتی ہیں۔ جب کوئی پارٹی اقربا پروری اور خاندانی سیاست کے شیطانی چکر میں پھنس جاتی ہے تو اس کے ساتھ بھی ایسا ہی ہوتا ہے۔ آج ہر کوئی کانگریس چھوڑ رہا ہے، وہاں صرف ایک ہی خاندان نظر آتا ہے۔
راجستھان میں پچھلی کانگریس حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ راجستھان میں پچھلی حکومت کے دور میں اکثر پرچے لیک ہوتے تھے اور نوجوان اس سے متاثر ہوتے تھے۔ اس کی جانچ کے لئے بی جے پی کے اقتدار میں آتے ہی ایک اسپیشل انویسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔ مرکزی حکومت نے پرچہ لیک میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانون بنایا ہے۔