نئی دہلی/16 فروری
کانگریس نے پارٹی کے بینک کھاتوں کو سیل کرنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے کھاتوں کو سیل کرکے حکومت نے دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت پر بیڑیاں ڈال دی ہیں۔
کانگریس کے خزانچی اجے ماکن نے جمعہ کو یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں بتایا کہ دو دن پہلے کانگریس اور یوتھ کانگریس کے بینک کھاتوں کو سیل کر دیا گیا ہے اور ان کھاتوں سے چیک جمع کرنے اور رقم نکالنے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے ۔
ماکن نے کہا”ہندوستان میں جمہوریت پوری طرح ختم ہو چکی ہے ۔ ملک کی بڑی اپوزیشن جماعت کے تمام اکا¶نٹس منجمد کر دیے گئے ہیں۔ کانگریس کے کھاتوں پر تالا بندی کردی گئی ہے ۔ یہ کانگریس پارٹی کے کھاتے فریز نہیں ہوئے ، ملک کی جمہوریت فریز ہو گئی ہے “۔
کانگریسی ترجمان نے کہا کہ مودی حکومت نے عام انتخابات کے اعلان سے صرف دو ہفتے قبل سوچ سمجھ کر یہ قدم اٹھایا ہے ۔ یہ معاملہ پانچ سال پہلے کا ہے ، جب پارٹی کو انکم ٹیکس جمع کرنے میں کچھ دن کی تاخیر ہوگئی تھی اور اس کے بدلے میں 210 کروڑ روپے انکم ٹیکس کے طور پر مانگتے ہوئے پارٹی کے بینک کھاتے سیل کر دیئے گئے ہیں۔
کانگریس لیڈر نے کہا کہ انتخابات کے اعلان سے عین قبل اہم اپوزیشن پارٹی کے بینک کھاتوں کو سیل کرکے حکومت نے ملک میں جمہوریت کا قتل کیا ہے اور یہ تاثر دیا ہے کہ بی جے پی حکومت ملک میں یک جماعتی نظام حکومت قائم کرنا چاہتی ہے ۔
ماکن نے کہا کہ کانگریس اور یوتھ کانگریس کے جن کھاتوں کو سیل کیا گیا ہے ، ان میں 25 کروڑ روپے سے کم رقم ہے جو کرا¶ڈ فنڈنگ کے ذریعے جمع کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس رقم کا 95 فیصد 100، 200 روپے یکجا کرکے آیا ہے ۔ افسوسناک بات یہ ہے کہ یوتھ کانگریس کے کھاتے میں ممبر شپ کا پیشہ جمع ہے ، جبکہ دوسری طرف، بی جے پی کے کھاتے میں بانڈز کے ذریعے کارپوریٹس کی رقم جمع ہے ، جسے سپریم کورٹ نے غیر آئینی قرار دیا ہے ۔ اب بھی اس کے اکا¶نٹس چل رہے ہیں۔ یہ جمہوریت کے قتل اور ملک میں جمہوریت کو ختم کرنے کی سازش ہے ۔
ماکن نے کہا کہ بی جے پی حکومت کی یہ کارروائی ظاہر کرتی ہے کہ وہ جمہوریت کو تباہ کرنا اور یک جماعتی نظام چلانا چاہتی ہے ۔ وہ حزب اختلاف کی جماعتوں کے بینک اکا¶نٹس سیل کرکے اور انہیں بیڑیوں میں جکڑ کر جمہوریت پر تالا لگا رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے اس سلسلے میں شکایت درج کرائی ہے اور اب اس کے خلاف سڑکوں پر آکر احتجاج کیا جائے گا۔