ممبئی// راجستھان رائلز کولکھنؤ سپر جائنٹس کے خلاف بریبورن اسٹیڈیم میں ہونے والے ٹورنامنٹ کے 63ویں میچ میں کسی بھی قیمت پر جیت حاصل کرنے کی ضرورت ہے تاکہ وہ پلے آف کی اپنی دعویداری کو مضبوط کرسکے۔
لکھنؤ کے 12 میچوں میں 16 پوائنٹس ہیں اور وہ ٹیبل میں دوسرے نمبر پر ہے۔ اس میچ میں جیت لکھنؤ کو پلے آف میں لے جائے گی، جب کہ ہارنے کی صورت میں اسے پھراپنا آخری میچ جیتنا ہوگا۔
یہ میچ جیتنے کے لیے راجستھان کو سب سے پہلے لکھنؤ کے کپتان کے ایل راہل کو قابوکرنا ہوگا۔ راہل 12 اننگز میں 459 رنوں کے ساتھ اس سیزن میں دوسرے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ راجستھان رائلز ان کی پسندیدہ مخالف ٹیموں میں سے ایک ہے، جس کے خلاف انہون نے 12 میچوں میں 134.18 کے اسٹرائیک ریٹ سے 530 رن بنائے ہیں۔ آخری بار جب وہ بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے تھے، تب انہوں نے ممبئی انڈینز کے خلاف بھی 60 گیندوں میں 103* بنائے تھے۔
راجستھان کے اوپنر انگلینڈ کے جوس بٹلر نے اس سیزن کے 12 میچوں میں 149.88 کے اسٹرائیک ریٹ سے سب سے زیادہ 625 رنز بنائے ہیں۔ اگرچہ پچھلی چند اننگز میں ان کا بلا نہیں چلا ہے، اس لیے بھی ان سے اس میچ میں ایک بڑی اننگ کی توقع ہے۔ آخری بار جب وہ بریبورن اسٹیڈیم میں کھیلے تھے تو انہوں نے کے کے آر کے خلاف 61 گیندوں میں 103 رنز بنائے تھے۔
راجستھان کے کپتان سنجو سیمسن نے اس سیزن میں 155.71 کے اسٹرائیک ریٹ سے 12 میچوں میں327 رن بنائے ہیں۔ انہوں نے اس سیزن میں اسپنروں کے خلاف سب سے زیادہ چھکے لگائے ہیں۔