کولکاتہ، //ہندوستان کے سابق کپتان سنیل گواسکر کا خیال ہے کہ کولکاتہ نائٹ رائیڈرز (کے کے آر) کے کپتان شریاس ائیر اب کھل کر بلے بازی کر سکتے ہیں کیونکہ ٹیم کے مڈل آرڈر نے اپنا حصہ ڈالنا شروع کر دیا ہے۔
آئی پی ایل کے سب سے دلچسپ سیزن میں کے کے آر کے لیے رنکو سنگھ اور نتیش رانا رن بنانے شروع کر دیے ہیں۔ سلامی بلے باز وینکٹیش ائیر نے بھی ممبئی انڈینز کے خلاف پچھلے میچ میں رن جوڑے تھے۔ گواسکر کا خیال ہے کہ شریاس ائیر کو اس کا فائدہ اٹھاکرآزادی کے ساتھ بلے بازی کرنی چاہیے۔
اسٹار اسپورٹس کے کرکٹ لائیو پروگرام میں بات کرتے ہوئے، گاوسکر نے کہا، "شریاس ائیر کے کے آر کے ایک اہم کھلاڑی ہیں۔ وہ جس بھی ٹیم کے لیےکھیلے ہیں اس کے لئے اہم رہے ہیں۔ یہ دیکھنا اچھا ہے کہ بلے بازی کا سارا بوجھ شریاس پر نہیں ہے۔ نتیش رانا اور رنکو سنگھ کی حالیہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے، وہ آزادانہ بلے بازی کر سکتے ہیں اور بڑے شاٹس مار سکتے ہیں۔”
ہندوستان کے سابق کرکٹر محمد کیف نے کہا کہ کولکاتہ کے کپتان دباؤ کو ہینڈل کرنا جانتے ہیں اور کے کے آر کو صحیح سمت میں لے جا سکتے ہیں۔
کرکٹ لائیو پر بات کرتے ہوئے، کیف نے کہا، "شریاس ائیر ایک اعلیٰ درجے کے بلے باز ہیں۔ وہ دباؤ میں کھیلنا پسند کرتے ہیں اور مسلسل رن بنانا جانتے ہیں۔ وہ لمبی اور موثر اننگز کھیل سکتے ہیں۔ وہ ایک بہترین کپتان ہیں اور اپنی بلے بازی سے کے کے آر کو صحیح سمت میں رکھ سکتے ہیں۔
کیف نے اس دوران لیگ اسپن بولنگ کے خلاف ائیر کی پریشانیوں کے بارے میں بھی بات کی۔
کیف نے کہا، "شریاس کی ایک کمزوری ہے۔ وہ لیگ اسپن کو بہت اچھانہیں کھیلتےاور فلائٹ میں پھنس جاتے ہیں۔ لیگ اسپن کے خلاف ایک ہندوستانی بلے باز کومسلسل جوجھتے ہوئے دیکھناحیرت انگیز ہے۔
اس سیزن میں بھی انہیں کئی بار لیگ اسپنر نے آوٹ کیا ہے۔ وہ چاہے روی بشنوئی ہوں، راہل چہر یا کلدیپ یادو، سبھی نے انہیں پریشان کیا ہے لیکن وہ کبھی ان کے اوور نکالنے کے بارے میں نہیں سوچتے۔ اس کے بجائے وہ بڑا شاٹ کھیلنے کے چکر میں اپنا وکٹ گنوا دیتے ہیں۔ میرے خیال میں انہیں اس جگہ بہت بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے برعکس شریاس میں بہت سی خوبیاں ہیں جو انہیں ایک اچھا بلے باز بناتی ہیں۔