جی ہاں سچ تو یہ ہے کہ بہت سارے لوگوں کو پاکستان کے انتخابی نتائج ہضم نہیں ہو پا رہے ہیں… اندرون پاکستان اور نہ پاکستان کے باہر ہضم ہو رہے ہیں… حتیٰ کہ اپنے کشمیر میں بھی ایسے لوگوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور… ارو بالکل بھی نہیں ہے جن کا جاننا اور ماننا ہے کہ پاکستان میں انتخابی دھاندلیاں ہوئی ہیں… کچھ نے تو ان دھاندلیوں کا موازنہ کشمیر میں ۱۹۸۷ میں ہوئے اسمبلی انتخابات سے بھی کیا ہے اور… اور کررہے ہیں… یقین کیجئے ہم ان سب حضرات کی آراء کا احترام کرتے ہیں… یقینا اگر انہیں لگ رہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن میں دھاندلیاں ہوئیں… کسی مخصوص پارٹی کے منڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا تو… تو ان کے پاس اس کی ٹھوس وجہ ہو گی…اور ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہے… لیکن… لیکن صاحب کیا پاکستا ن میں پہلی بار کسی کے منڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا… کیا پہلی بار وہاں انتخابی دھاندلیاں ہوئیں… کیا پہلی بار وہاں کی فوج نے اپنے من پسند لوگوں اور پارٹی کو جتوادیا؟اگر جواب ہاں ہے‘ اگر ایسا پہلی بارہوا ہے تو… تو ہم بھی اس بات کا اعتراف کرتے ہیں کہ… کہ پھر عمران خان اور ان کی جماعت‘ پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ ظلم ہوا ہے‘ نا انصافی ہوئی ہے‘ زیادتی بھی ہو ئی ہے… لیکن صاحب یہ بات آپ بھی جانتے ہیں اور ہم بھی کہ ایسا پہلی بار نہیں ہوا ہے اور… اور یقینا آخری بار نہیں ۔ جن لوگوں کو عمران خان سے آج ہمدردی ہے انہیں پیچھے… زیادہ پیچھے نہیں ‘صرف پانچ سال پیچھے جا کر دیکھنا چاہئے کہ اس وقت کیا ہوا تھا… اس وقت عمران خان‘جنہیں پاکستانی فوج کا لاڈلا کہا جاتا تھا… ان کا راستہ ہموار کرنے کیلئے فوج نے کیا کیا حربے نہیں آزمائے … مقصد اور مطلب ایک ہی تھا کہ کسی طرح عمران خان کو اقتدار میں لایا جائے… کسی طرح ان کے سیاسی حریفوں کو کنارے کیا جائے … عمران خان کے حامیوں کیلئے اگر وہ سب صحیح تھا تو… تو پھر پاکستان کی فوج آج جو کررہی ہے وہ کیسے غلط ہو سکتا ہے… اسے کیسے غلط قراردیا جا سکتا ہے؟اصل بات تو صاحب یہ ہے کہ فوج نے ۲۰۲۴ میں بھی وہی کیا جو اس نے ۲۰۱۸ میں کیا تھا… پاکستان کے انتخابی عمل میں مداخلت …فرق صرف یہ ہے کہ اس وقت اس نے عمران خان کو فائدہ پہنچانے کیلئے مداخلت کی تھی اور آج خان کو نقصان پہنچانے کیلئے …جب ۲۰۱۸ میں کسی نے واویلا نہیں کیا تو… تو آج آسمان سر پر کیوں اٹھایا جا رہا ہے کہ … کہ پاکستان میں جو ہورہا ہے ‘ نیا کچھ بھی نہیں ہو رہا ہے… یہی تو اس ملک کی انتخابی اور جمہوری تاریخ ہے ہاں البتہ چہرے بدل جا تے ہیں… کردار… فوج کا کردار وہی رہتا ہے جو اس کا ہے… ۷۵ برسوں سے ہے۔ ہے نا؟