سرینگر/۱۲مارچ
جموں کشمیر کی پرائیویٹ اسکولز ایسوسی ایشن نے فیس فکزیشن کمیٹی کی جانب سے سکول بس فیس میں ۱۲ فیصد اضافے کو منطق سے عاری اور بغیر کسی قانونی بنیاد کے قرار دیا ہے۔
ایسوسی ایشن نے ایک بیان میں کہا کہ وہ یہ سمجھنے سے قاصر ہے کہ کمیٹی نے کس بنیاد پر ٹرانسپورٹیشن چارجز پر آرڈر جاری کیا ہے جو ان کا مینڈیٹ نہیں ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے’’کمیٹی اصل میں اسکولوں میں تعلیمی فیس کو ریگولیٹ کرنے کے لیے بنائی گئی تھی اور اس کے آئین میں کہیں بھی یہ نہیں لکھا ہے کہ وہ ٹرانسپورٹیشن فیس کو بھی ریگولیٹ کر سکتی ہے۔ کچھ اسکولوں میں تیسرا فریق ٹرانسپورٹ کی خدمات فراہم کرتا ہے اور کیا یہ حکم ان پر بھی لاگو ہوتا ہے‘‘۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ کمیٹی اپنے کردار کو صرف تعلیمی فیس تک محدود رکھے اور اس طرح کے احکامات اس کے دائرہ کار سے باہر غیر ضروری تنازعہ پیدا کرتے ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے’’یہ احکامات نہ صرف والدین اور اسکول انتظامیہ کے درمیان بداعتمادی پیدا کرتے ہیں بلکہ اسکولوں کے کام پر بھی اثر ڈالتے ہیں۔اب تک کشمیر کی سینٹرل یونیورسٹی فی طالب علم۳۲۵۰ روپے لیتی ہے‘جبکہ اسکولوں کا کرایہ اتنا اتنا مہنگا نہیںہے۔ اسی طرح آر ٹی او۲۸ دنوں کیلئے گاڑی فراہم کرنے کے عوض۸۰ ہزار روپے چارج کرتا ہے‘۔ اسی لیے ہم نے چارجز کو کم سے کم رکھتے ہوئے ایک بیان جاری کیا تھا۔ اب اس حکم نے ایک ایسے وقت میں تنازع کھڑا کر دیا ہے جب ہم نے سب کچھ سلجھا دیا تھا۔ اگر ضرورت پڑی تو ایسوسی ایشن کمیٹی کے اس حکم کو عدالت میں چیلنج کرے گی‘‘۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ ٹرانسپورٹیشن سروس مارکیٹ سے چلنے والی سروس ہے جو کئی عوامل سے اثر انداز ہوتی ہے۔’’ٹرانسپورٹیشن سروس میں مختلف سرکاری چارجز جیسے انشورنس، ٹول ٹیکس، فٹنس، آلودگی وغیرہ شامل ہیں اور سب سے بڑھ کر ٹرانسپورٹیشن فیس ایندھن کی لاگت کے براہ راست متناسب ہے۔ ہم نے پچھلے کچھ سالوں کے دوران ایندھن کی قیمتوں میں زبردست اضافہ دیکھا ہے اور آنے والے دنوں میں قیمتوں میں دوبارہ اضافہ متوقع ہے۔ ایسی صورت حال میں ٹرانسپورٹیشن فیس پر کسی قسم کی پابندی اسکول ٹرانسپورٹ سیکٹر کے دیوالیہ ہونے کا باعث بنے گی۔‘‘
بیان میں کہا گیا ہے’’مارکیٹ، اسکولوں اور والدین کو بہترین ممکنہ شرح کا فیصلہ کرنے دیں۔ والدین کے سامنے ہمیشہ تھرڈ پارٹی سروس کا آپشن ہوتا ہے‘‘۔
ایسوسی ایشن نے کہا کہ وہ ٹرانسپورٹیشن چارجز میں شفافیت کی بھرپور حمایت کرتی ہے، جو ہر اسٹیک ہولڈر کے بہترین مفاد میں ہے۔ ’’ہم نجی اسکولوں کے ٹرانسپورٹیشن سیکٹر کے لیے ایک ایپ بنا رہے ہیں جو اسکولوں کو موثر، سستی اور معیاری ٹرانسپورٹ سروس فراہم کرے گی۔ اس سے غیر ضروری تنازعات کا بھی خاتمہ ہو جائے گا۔ والدین خود فاصلہ، چارجز اور دیگر اخراجات دیکھ سکتے ہیں۔ وہ خود ایپ کا استعمال کرتے ہوئے اپنے لئے بہترین دستیاب ٹرانسپورٹیشن سروس حاصل کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔ یہ ایک شفاف سروس ہو گی جو ہر کسی کے لیے خود دیکھے گی۔‘‘