سرینگر//
خواتین اور بچوں کے مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر منجپرا مہیندر بھائی نے یہاں پیر کے روز ’روز گار میلے‘کے تحت۱۹ امیدواروں میں تقرری نامے تقسیم کئے ۔
بتادیں کہ اس روز گار میلے کا انعقاد سرینگر کے مضافاتی علاقہ ہمہامہ میں واقع بی ایس ایف کشمیر فرنٹئر کے ہیڈ کوارٹر میں وزارت امور داخلہ کی طرف سے کیا گیا تھا۔
بی ایس ایف کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ہمہامہ میں پیر کو جموں و کشمیر کے۱۹؍امیدواروں اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے۵؍امیداروں کو تقرری نامے دئے گئے جو سینٹرل یونیورسٹی کشمیر، بی ایس ایف، سی آر پی ایف، محکمہ ڈاک، محکمہ انکم ٹیکس وغیرہ جیسے شعبوں میں ایک توانا اور تجزیاتی ذہن کے ساتھ نئی روح پھونکیں گے ۔
ترجما ن نے کہا کہ تقریب کے دوران انسپکٹر جنرل بی ایس ایف کشمیر اشوک یادو کو کشمیر فرنٹئر کے تحت آنے والے سرحد کی حساسیت کے بارے میں جانکاری فراہم کی گئی اور انہیں بتایا گیا کہ بی ایس ایف کس طرح فوج اور سی اے پی ایف کے ساتھ مل کر لائن آف کنٹرول پر در پیش چیلنجوں کا بھر پور مقابلہ کر رہی ہے اور اس کے ساتھ ساتھ سول حکام کی بھی مدد کر رہی ہے ۔
اس موقع پر آئی جی بی ایس ایف نے خطے میں مجموعی ترقی اور ہم آہنگی کے ماحول کیلئے سول سوسائٹی کے رول کی سراہنا کی۔
ترجمان نے بتایا کہ تقریب کے دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر مہیندر بھائی نے حاضرین کو بھرتی ایجنسیوں کے ذریعے منظور شدہ اسامیوں کو ُپر کرنے کے لئے حکومت ہند کی طرف سے شروع کی جانی والی بھرتی مہم کے بارے میں آگاہی فراہم کی۔
وزیر نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ روز گار میلہ نوجوانوں کو روز گار کے مواقع فراہم کرنے اور معاشرے کے فلاح و بہبود کو یقینی بنانے کے وزیر اعظم نریندر مودی کے مسلسل عزم کو پورا کرنے کی طرف ایک اہم قدم ہے ۔