سرینگر//
وسطی کشمیر کے ضلع گاندربل کے بونزل ہری پورہ میں اتوار کی شام دو خاندانوں کے درمیان اراضی تنازعے پر جھگڑے میں ایک عمر رسیدہ شخص کی موت واقع ہونے کے چند گھنٹوں کے بعد پولیس نے ملزم کو گرفتار کیا ہے جبکہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ اتوار شام پانچ بجکر ۳۰منٹ پر گاندربل پولیس اسٹیشن کو معتبر ذرائع سے اطلاع موصول ہوئی کہ بونزل وسن گاؤں میں اراضی تنازعے پر دو خاندانوں کے درمیان جھگڑے کے نتیجے میں غلام محمد شیخ ولد امبر شیخ ساکن بونزل شدید طورپر زخمی ہوا۔
ترجمان نے بتایا کہ زخمی شہری کو علاج ومعالجے کے لئے پبلک ہیلتھ سینٹر وسن منتقل کیا گیا جہاں پر تعینات ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دیا۔
پولیس ترجمان نے بتایا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن گاندر بل میں متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کیا گیا اور ملزم کو گرفتار کیا گیا۔
ترجمان نے کہا کہ اس ضمن میں مزید تحقیقات جاری ہے۔