ایسا نہیں ہے ا ور بالکل بھی نہیں ہے کہ آنا جانا… سیاسی پارٹیوں میں آنا جانا کسی خاص ملک ‘ کسی خاص جمہوریت کا خاصا ہے… نہیں صاحب ایسا نہیں ہے اور… اور بالکل بھی نہیں ہے ۔ یقین کیجئے کہ جب تک سیاست ہے‘ جمہوریت ہے یہ آنا جانا لگا رہے گا … کوئی کتنی بھی کوشش کیوں نہ کرے … وہ اس کو روک نہیں سکتا ہے اور… اور بالکل بھی نہیں روک سکتا ہے… اور ہاں یہ بھی تو سچ ہے کہ کوئی سیاستدان ‘ کوئی سیاسی جماعت اسے روکنے کی کوشش بھی نہیں کرتی ہے کہ اگر کوئی کسی جماعت سے جاتا ہے تو… تو کوئی اور اس کمی ‘ اس خلا کو اس جماعت میں آکر پور بھی کرتا ہے… ملک میں الیکشن…لوک سبھا الیکشن ہو نے والے ہیں … اور کشمیری کہاوقت’یوکن واؤ تو کن ناؤ‘ کے عین مصداق اس وقت ملک میں آنے جانے کا سلسلہ جاری رہے … ہاں ایک پارٹی سے جانے کا سلسلہ اتنا ہی زیادہ ہے جتنا دوسری پارٹی میں آنے کا سلسلہ تیزہے…یعنی جس تعداد میں لوگ کانگریس چھوڑ کر جا رہے ہیں ‘ اسی تعداد میں لوگ … یعنی سیاستدان بی جے پی میں شامل بھی ہو رہے ہیں اور… اور اس لئے ہو رہے ہیں کہ بی جے پی اور مودی کی طرح ان لوگوں کو بھی دو باتوں کا یقین ہے اور… اور سو فیصد ہے… بی جے پی کی جیت کا اور کانگریس کی ہار کایقین۔پارلیمنٹ اور اسمبلی کی مدت کے آخری سال کے آخری مہینوں میں آنے جانے کا سلسلہ جاری ہے… مزے کی بات ہے کہ پیر پنچال اُس سے ایک خاتون بی جے پی میں شامل ہو ئیں اور… اور اس لئے ہوئیں کہ خاتون کاکہنا ہے کہ وہ بی جے پی سے متاثر ہو کر اس جماعت میں شامل ہو رہی ہیں… گزشتہ دس برسوں میں اسے بی جے پی میں کچھ بھی متاثر کن نظر نہیں آیا ہے… اور اب جب کہ لوک سبھا انتخابات سر پر ہیں… خاتون نے بی جے پی میں پناہ لی…صاحب ہمیں کوئی شکوہ نہیں ہے اور… اور اس لئے نہیں ہے کیونکہ سیاست اسی کو کہتے ہیں… ایسا ہی کچھ اُس پار ہمسایہ ملک میں بھی دیکھنے کو مل رہا ہے… فرق صرف یہ ہے یہاں اپنے دیش میں الیکشن سے پہلے آنا جانا دیکھنے کو مل رہا ہے… وہاں الیکشن اور نتائج آنے کے بعد یہ سلسلہ شروع ہوا ہے اور… اور کہاں پر ختم ہو گا… ہم نہیں جانتے ہیں… سوائے اس ایک بات کے کہ یہ سیاست ہے… سیاست ۔ اس میں سب کچھ ہے‘ لیکن… لیکن اصول نہیں ہیں ‘ بالکل بھی نہیں ہیں ۔ ہے نا؟