سرینگر//
پولیس نے دو الگ الگ کارروائیوں کے دوران بارہمولہ کے قصبہ اوڑی ایک منشیات فروش کو نشہ آور مواد سمیت گرفتار کیا ہے جبکہ شوپیاں میں ایک رہائشی مکان سے۷۱۲گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن اوڑی کی ایک پولیس پارٹی نے اوڑی کے لگہامہ علاقے میں ایک ناکے کے دوران ایک شخص کو روکا۔انہوں نے کہا کہ تلاشی کے دوران اس شخص کی تحویل سے۳۶گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا گیا جس کے بعد اس کو گرفتار کرکے پولیس اسٹیشن اوڑی میں بند رکھا گیا۔
بیان میں گرفتار شدہ کی شناخت منظور احمد جنجوعہ ولد اکبر الدین جنجوعہ ساکن مچھی کرنڈ کے بطور کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن اوڑی میں ایک کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
ایک اور کارروائی کے دوران شوپیاں پولیس نے ایک رہائشی مکان سے۶۹۲گرام چرس جیسا نشہ آور مواد بر آمد کیا ہے ۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ شوپیاں پولیس نے متعلقہ ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کی موجودگی میں طاہر احمد خان ساکن میلہورا کے رہائشی مکان سے بظاہر۶۹۲گرام وزنی چرس پائوڈر جیسا مواد بر آمد کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں پولیس اسٹیشن زینہ پورہ میں این ڈی پی ایس ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت ایک کیس درج کرکے مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ بارہمولہ پولیس نے ضلع میں سال رواں کے پہلے مہینے یعنی ماہ جنوری کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ۲۴مقدمے درج کرکے ۳سخت گیر منشیات فروشوں سمیت۳۹منشیات فروشوں کو گرفتار کیا ہے اور ان کی تحویل سے لاکھوں روپیوں کا نشہ آور مواد ضبط کیا ہے ۔
ضلع میں منشیات کے خلاف وسیع پیمانے پر جنگ کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے سال۲۰۲۳کے دوران این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت۲۶۴مقدمے درج کرکے۴۶۴منشیات فروشوں کو گرفتار کیا۔