سرینگر//
سٹیٹ انوسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) بارہمولہ نے ایک نارکو ٹیرر کیس کے سلسلے میں این آئی اے کی ایک عدالت میں ۶ ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی ہے۔
ایس آئی یو کے ایک ترجمان نے بتایا کہ ایس آئی یو بارہمولہ نے پیر کے روز یو اے پی اے ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت پولیس اسٹیشن اوڑی میں درج ایف آئی آر نمبر۱۰۴/۲۰۲۳ میں ایڈیشنل سیشن جج (این آئی اے کورٹ) بارہمولہ کی ایک عدالت میں ۶ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی۔
ترجمان نے کہا کہ جن۶ملزموں کے خلاف چارج شیٹ دائر کی گئی ان میں محمد اسلم کھٹانہ ولد عطا محمد ساکن چورندا اوڑی، مینر احمد ولد محمد الدین ساکن جبلہ اوڑی، بلال احمد ڈار ولد غلام محی الدین ڈار ساکن ہرد شیوا سوپور، اختر نیاز بٹ ولد نیاز احمد ساکن مقدم محلہ تارزو سوپور، مدثر یوسف گوکنو ولد محمد یوسف ساکن باغ اسلام کرانشیون کالونی سوپور، جو سب عدالتی حراست میں ہیں، شامل ہیں۔
ان کا کہنا تھا’’علاوہ ازیں ایک اور ملزم محمد حسن اعوان ولد راج محمد اعوان ساکن دھرکوٹ اوڑی حال تحصیل باغ پاکستان زیر قبضہ کشمیر کو بھی سی آر پی سی کے تحت چارج شیٹ میں نامزد کیا گیا ہے‘‘۔
بیان کے مطابق عدالت کے اعلان کے مطابق اس کیس کی اگلی سماعت ۲۰ فروری۲۰۲۴مقرر کی گئی ہے۔بیان میں مزید کہا گیا’’پو واریان تھجل اوڑی میں ۱۱؍اگست ۲۰۲۳ کو ایک ناکہ پر پانچ ملزمں سے اسلحہ وگولہ بارود اور منشیات بر آمد کیا گیا تھا ان ملزموں کو پاکستان میں مقیم دہشت گرد ہینڈلرز کی ایما پر سر حد پار سیاسلحے اور گولہ کی اسمگلنگ کرنے اور پھر اس کو دہشت گردانہ سرگرمیاں انجام دینے کے لئے لشکر طیبہ کے دہشت گردوں کو تقسیم کرنے میں ملوث پائے گئے۔‘‘