سرینگر//
منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے شمالی کشمیر کے ضلع کپوارہ کے ہندوارہ قصبے میں ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کے منی شاپنگ کمپلیکس کو قرق کر دیا۔
پولیس نے مذکورہ جائیداد پر ایک نوٹس چسپاں کی ہے جس میں لوگوں سے کہا گیا ہے کہ اس جائیداد کو ضبط کیا گیا ہے لہذا کوئی اس کو نہ خریدے ۔
ایک پولیس ترجمان نے جائیداد منسلکی کی اس کارروائی کے بارے میں تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ ہندوارہ پولیس نے ایک بدنام زمانہ منشیات فروش کی جائیداد جو۴دکانوں پر مشتمل ایک منی شاپنگ کمپلیکس ہے ، کو این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات کے تحت منسلک کر دیا ہے ۔
ترجمان نے منشیات فروش کی شناخت فاروق احمد ڈار ولد محمد سلطان ڈار ساکن لچھی پورہ ہندوارہ کے بطور کی ہے ۔
بیان میں کہا گیا کہ مذکورہ منشیات فروش پولیس اسٹیشن ہند وارہ میں درج کئی کیسوں میں ملوث ہے ۔
پولیس ترجمان نے کہا کہ ہند وارہ پولیس کی طرف سے کی گئی تحقیقات کے دوران مذکورہ جائیداد کی شناخت غیر قانونی طور حاصل شدہ جائیداد کے طور پر ہوئی ہے ۔
ترجمان نے بیان میں کہا ’’یہ جائیداد پہلی نظر میں مالک کی جانب سے منشیات اور سائیکو ٹراپک مواد کی غیر قانونی اسمگلنگ سے حاصل کی گئی تھی‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ مذکورہ بد نام زمانہ منشیات فروش فی الحال پی آئی ٹی این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت کوٹ بلوال جموں میں زیر حراست ہے ۔