سرینگر//
عوام کو فوری مدد بہم پہنچانے کی کاوشوں کو جاری رکھتے ہوئے کولگام پولیس نے فوری کارروائی انجام دے کر ضلع کے ایک دور افتادہ علاقے سے تعلق رکھنے والی حاملہ خاتون کو ہسپتال پہنچایا۔
ایک پولیس ترجمان نے بتایا کہ کولگام پولیس کو مشکور احمد ملک ساکن ہم پتھری ڈی کے مرگ نامی ایک شخص سے کال موصول ہوئی کہ اس کی اہلیہ (جو حاملہ ہے ) ایک دور افتادہ گائوں میں پھنسی ہوئی ہے اور درد زہ میں مبتلا ہے لیکن گھر والے اس کو ہسپتال پہنچانے سے قاصر ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ اطلاع موصول ہوتے ہی کولگام پولیس کی ایک پارٹی سڑک پر تازہ برف باری سے پھلسن پیدا ہونے کے با وجود جائے موقع پر پہنچی اور مذکورہ خاتون کو علاج و معالجے کیلئے فوری طور نزدیکی ہسپتال واقع ڈی کے مرگ پہنچایا۔
ان کا کہنا تھا کہ سڑک پر پھسلن کی وجہ سے وہاں ایمبولینس کا پہنچنا ممکن نہیں تھا۔
دریں اثنا عوام بالخصوص مذکورہ خاتون کے اہلخانہ نے پولیس کی اس فوری کارروائی کی سراہنا کی ہے ۔