نئی دہلی// بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے کے بیان پر آج شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت میں ملک میں جمہوری کنبہ پروری کا راج ختم ہو رہا ہے اور حقیقی جمہوریت ابھر رہی ہے ۔
بی جے پی کے ترجمان سدھانشو ترویدی نے پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں اس ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا "دیکھی زمانے کی یاری، بچھڑے سبھی باری باری ’’ حال ہی میں ختم ہونے والے اسمبلی انتخابات میں شرمناک شکست کے بعد اپوزیشن کے اس نام نہاد انڈیا اتحاد کی دوستی اب ٹوٹ چکی ہے ۔ اس گھبراہٹ میں اب کانگریس پارٹی قابل اعتراض بیان دینے پر آمادہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے صدر ملک ارجن کھڑگے نے بے بنیاد اور بے تکا بیان دیا ہے ۔
بی جے پی کے لیڈر نے کہا کہ یہ سچ ہے کہ بہت سی چیزوں کو ختم کیا جا رہا ہے ۔ 1947 میں کنبی پروری کا راج ختم کردیا گیا تھا، آج جمہوری کنبہ پروری کے راج کا خاتمہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا "2019 کے لوک سبھا انتخابات میں شمال سے جنوب تک ملک کے روشن خیال لوگوں نے جمہوریت کے نام پر بادشاہت چلانے والوں کو سبق سکھایا۔ کشمیر میں عبداللہ یا مفتی خاندان الیکشن ہار گیا۔ بادل خاندان پنجاب میں الیکشن ہار گیا، ہڈا خاندان ہریانہ میں الیکشن ہار گیا، اشوک گہلوت جی کا بیٹا الیکشن ہار گیا، اکھلیش یادو کی بیوی اتر پردیش میں الیکشن ہار گئیں، چودھری اجیت سنگھ اور ان کے بیٹے الیکشن ہار گئے ، لالو پرساد یادو جی کی بیٹی بہار میں الیکشن ہار گئیں ، تلنگانہ میں کے سی آر جی کی بیٹی الیکشن ہار گئیں اور خاندان پرستی کی سب سے بڑی علامت راہل گاندھی بھی الیکشن ہار گئے ۔
انہوں نے کہا کہ کوئی کچھ بھی کہے سچ یہ ہے کہ جمہوریت کی آڑ میں خاندانی سیاست برسوں سے جاری ہے ۔ اسے اب ووٹروں نے مکمل طور پر مسترد کر دیا ہے ۔ یہ خاندانی سیاست اپنے انجام کی طرف بڑھ رہی ہے ۔ دوسری طرف وزیر اعظم مودی کی اہل قیادت میں ہندوستان میں حقیقی جمہوریت ابھر رہی ہے ۔ ہندوستان کے غریب، کسان، خواتین اور نوجوان اپنی طاقت سے ابھر رہے ہیں۔