نئی دہلی//
الیکشن کمیشن نے راجیہ سبھا کی۵۶سیٹوں کیلئے۲۷فروری کو انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے ۔
الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ۱۵ریاستوں سے راجیہ سبھا کے۵۶ممبران کی میعاد آنے والے اپریل میں ختم ہو رہی ہے ۔ کمیشن نے پیر کو ان نشستوں کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا۔
انتخابات کا نوٹیفکیشن۸فروری کو جاری کیا جائے گا۔ کاغذات نامزدگی۱۵فروری تک داخل کیے جاسکتے ہیں۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال۱۶فروری کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن۲۰فروری کو ہوگا۔
کمیشن کے مطابق۲۷فروری کو صبح۹بجے سے شام۴بجے تک ووٹنگ ہوگی۔ ووٹوں کی گنتی۲۷فروری کو ہی شام۵بجے ہوگی۔ انتخابی عمل۲۹فروری تک مکمل ہو جائے گا۔
کمیشن نے کہا ہے کہ اتر پردیش سے۱۰‘ بہار اور مہاراشٹر سے چھ‘ چھ مغربی بنگال اور مدھیہ پردیش سے پانچ پانچ‘گجرات اور کرناٹک سے چار چار‘ آندھرا پردیش، راجستھان، تلنگانہ اور اوڈیشہ، چھتیس گڑھ سے تین تین ہریانہ، ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ میں ایک ایک سیٹ کے لیے انتخابات ہوں گے ۔