سرینگر//
جموںکشمیر پولیس نے وسطی ضلع بدگام کے ماگام علاقے میں ملی ٹینسی کے ایک کیس کے سلسلے میں یو اے پی اے ایکٹ کی دفعہ ۲۵کے تحت رہائشی مکان قرق کیا ۔
پولیس کے ایک ترجمان نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا’’دہشت گردوں کوپناہ دینے اور ان کومنطقی سپورٹ فراہم کرنے کے خلاف کریک ڈاؤن کو جاری رکھتے ہوئے پولیس نے بڈگام میں یو اے پی اے کے تحت رہائشی مکان کو منسلک کیا‘‘۔
ترجمان نے کہا’’پولیس اسٹیشن ماگام میں یو اے پی اے کے تحت زیر ایف آئی آر نمبر۲۰۲۳/۵درج ایک کیس کی تحقیقات کے دوران رہائشی مکان کو قرق کیا گیا ‘‘۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ یواے پی اے ایکٹ کے متعلقہ دفعات کے تحت کالعدم دہشت گرد تنظیم حزب سے وابستہ ملی ٹینٹ معاون جس کی شناخت محمد رمضان میرولد عبدالسلام میر ساکن رڈہ بوگ ماگام کے بطور ہوئی ہے کے رہائشی مکان کوقرق کیا گیا ۔
ترجمان نے کہا کہ مذکورہ مکان کو دہشت گردوں کو پناہ دینے کیلئے استعمال کیا جاتا تھا۔ مجاز اتھارٹی سے منظوری حاصل کرنے کے بعد مذکورہ رہائشی مکان کو دہشت گردی کی آمدنی میں شامل کرکے منسلک کر دیا گیا۔
پولیس نے واضح کیا ہے کہ وہ ایسی تمام جائیدادوں کی نشاندہی اور قانونی کارروائی کرنے کی خاطر اپنی کوششیں جاری رکھے گی جو جان بوجھ کر دہشت گردوں کوپناہ دینے کی خاطر استعمال میں لائی جارہی ہیں۔