سرینگر//
لائیو راشٹریہ گوکل مشن (آر جی ایم) سے مستفید ہونے والے ۱۷؍ افراد کے ایک گروپ اور ایم اے آئی ٹی آر آئی (دیہی ہندوستان میں کثیر المقاصد مصنوعی حمل کے تکنیکی ماہرین) کو نئی دہلی میں یوم جمہوریہ کی تقریبات میں شرکت کے لئے آج ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا گیا۔
اس گروپ کو سی ای او لائیو سٹاک ڈیولپمنٹ بورڈ کشمیر‘ الطاف احمد لاوے نے دیگر معززین کی موجودگی میں ہری جھنڈی دکھائی۔
اس موقع پر لاوے نے کہا کہ یوم جمہوریہ پریڈ ۲۰۲۴ میں شرکت کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے خصوصی دعوت نامہ وصول کرنے والوں میں ہمارے راشٹریہ گوکل مشن مستفیدین اور ایم اے آئی ٹی آر آئیز کا ہونا فخر کی بات ہے۔
لاوے نے کہا کہ راشٹریہ گوکل مشن سے مستفید ہونے والوں کے حوصلے بلند کرنے کے لئے مرکزی حکومت کی طرف سے یہ پہلا موقع ہے۔
سی ای او نے مزید کہا کہ یوم جمہوریہ پریڈ میں ان کی شرکت کشمیر ڈویڑن میں مویشی پروری کے شعبے میں خدمات فراہم کرنے میں ان کے تعاون کی ستائش ہے۔ ان کاکہنا تھا’’یہ اقدام مویشیوں کی پائیدار ترقی اور خطے بھر میں دیہی برادریوں کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں راشٹریہ گوکل مشن کے تعاون کو اجاگر کرنے کے لئے ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہوگا‘‘۔
قابل ذکر ہے کہ راشٹریہ گوکل مشن کے تحت بے روزگار افراد کو تربیت دی جاتی ہے اور انہیں مویشی پروری کے شعبے میں تعینات کیا جاتا ہے، جو دیہی بھارت میں ایم اے آئی ٹی آر آئی… ملٹی پرپز آرٹیفیشل انسیمینیشن ٹیکنیشن کے طور پر خدمات انجام دیتے ہیں۔
سی ایس ایس،آر جی ایم (مرکزی معاونت والی اسکیم ، راشٹریہ گوکل مشن) کے ایک حصے کے طور پر، ان ہنرمند پیشہ وروں کو مراعات دی جاتی ہیں، جن میں پہلی مصنوعی حمل کے لیے ایک روپے، دوسری کے لیے دو سو روپے، اور اس کے بعد پیدا ہونے والی ہر پیدائش کے لیے ایک سو روپے شامل ہیں۔