نئی دہلی//صحت اور خاندانی بہبود کے مرکزی وزیر منسکھ مانڈویہ نے ہندوستان کو عالمی طبی مرکز بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے جمعرات کو کہا کہ ملک میں اپنا علاج کروانے کے خواہشمند لوگوں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے ایک پورٹل بنایا جا رہا ہے یہاں ‘برانڈ انڈیا’ قائم کرنے کے لیے انڈین فارن سروس کے سینئر افسران کی ایک گول میز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مانڈویہ نے کہا کہ جو غیر ملکی ہندوستان میں اپنا علاج کرانا چاہتے ہیں ان کے لیے قابل اعتماد معلومات کی سہولت اور آسانی کے لئے ایک ون اسٹیپ پورٹل تیار کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہندوستان اپنے صحت کی دیکھ بھال کے نظام اور عالمی معیار کی طبی سہولیات کے ساتھ پوری دنیا کے لئے ایک کشش بن گیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج دنیا کے مختلف ممالک سے لوگ بڑی تعداد میں علاج کے لیے ہندوستان آ رہے ہیں۔ طبی سیاحت کو مزید فروغ دینے کے مقصد کے ساتھ حکومت نے ‘ہیل ان انڈیا’ پروگرام شروع کیا ہے۔ اسی طرح ‘ہیل بائے انڈیا’ پروگرام شروعات کی گئی ہے۔ یہ ہندوستانی طبی کارکنوں کو پوری دنیا میں سفر کرنے اور ایک صحت مند عالمی معاشرے کے لیے اپنا حصہ ڈالنے کا موقع فراہم کرے گا۔
انہوں نے مزید کہاکہ ہم اپنی روایتی ادویات کی صنعت کو مزید مضبوط کرکے اور ‘ہیل ان انڈیا’ اور ‘ہیل بائے انڈیا’ اقدامات کو فروغ دے کر ہندوستان کو عالمی طبی مرکز بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔