نئی دہلی// سڑک ٹرانسپورٹ اور شاہراہوں کے وزیر نتن گڈکری نے کہا کہ ملک میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے کام جاری ہے اور رواں مالی سال (2022-23) تک 18,000 کلومیٹر قومی شاہراہوں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے مسٹر گڈکری نے ٹویٹ کیا کہ نئے ہندوستان کی تعمیر کے لیے قومی شاہراہیں تعمیر کی جا رہی ہیں اور رواں مالی سال کے اختتام تک 18 ہزار کلومیٹر قومی شاہراہیں 50 کلومیٹر یومیہ کی ریکارڈ رفتار سے تیار کی جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ ملک کا 2025 تک قومی شاہراہوں کا دو لاکھ کلومیٹر کا نیٹ ورک تیار کرنے کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی پوری توجہ اس بات پر ہے کہ ملک میں عالمی معیار کی سڑکوں کی تعمیر کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جا سکے۔
مرکزی وزیر نے ڈھانچہ جاتی ترقی کو ملک کو مضبوط کرنے کا ایک ذریعہ بتایا اور کہا کہ اگر ہمیں ایک ‘خود کفیل ہندوستان بنانا ہے تو بہتر سڑکوں کی ترقی ‘خود کفیل ہندوستان کی ‘روح کے طور پر کام کرے گی۔