گاندھی نگر//
مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے گجرات کے صنعت کاروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ملک کے شمالی حصے اور خاص طور پر کشمیر میں اپنے کاروبار کو وسعت دیں۔
’’میں گجراتی صنعت کاروں سے کہنا چاہتا ہوں کہ اگر وہ شمال کی طرف بڑھنا چاہتے ہیں تو براہ مہربانی کشمیر میں سرمایہ کاری کریں‘‘۔
جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کے ساتھ وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ سے خطاب کرتے ہوئے شاہ نے کہا کہ ایسا کرکے براہ کرم کشمیر کو مرکزی دھارے میں لانے میں وزیر اعظم نریندر مودی کی پہل کی حمایت کریں۔
وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ کو ایک پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کرتے ہوئے منوج سنہا نے بھی سرمایہ کاروں سے اسی طرح کی اپیل کی کہ وہ مرکز کے زیر انتظام علاقے کا دورہ کریں اور اس میں حصہ لیں۔
وفاقی وزیر داخلہ نے دلیل دی کہ وائبرینٹ گجرات ماڈل کو ملک بھر کی مختلف ریاستوں نے دہرایا اور قبول کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ کئی ریاستوں نے گجرات کے صنعتی ماڈل کی پیروی کی ہے۔
شاہ نے کہا کہ ہندوستان عالمی سطح پر سرمایہ کاری کے لئے بہترین جگہ بن گیا ہے۔ اور ہندوستان میں سرمایہ کاری کے لئے بہترین مقام ہمارا گجرات ہے۔ انہوں نے کہا کہ گجرات ۲۰۴۷ تک ترقی یافتہ بھارت کا گیٹ وے ہے۔ اعتماد کو برقرار رکھنا ہمارا فرض ہے۔