گاندھی نگر//
وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو کہا کہ یہ نئے خوابوں، نئے عزم اور مسلسل کامیابیوں کا وقت ہے ۔
مہاتما مندر، گاندھی نگر میں ۱۰ویں وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ۲۰۲۴کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مودی نے۲۰۲۴کیلئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور۲۰۴۷تک ہندوستان کو ’ترقی یافتہ‘ ملک بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا تاکہ اگلے۲۵سال ملک کے ’امرت کال‘ بنیں گے اور کہا ’’یہ نئے خوابوں‘نئے عزم اور مسلسل کامیابیوں کا وقت ہے ‘‘۔
مودی نے کہا کہ تیزی سے بدلتی دنیا میں ہندوستان ’عالمی دوست‘کے کردار میں آگے بڑھ رہا ہے ۔ان کاکہنا تھا’’ آج ہندوستان نے دنیا کو مشترکہ اجتماعی مقاصد کے حصول کا یقین دلایا ہے ۔ عالمی بہبود کے لیے ہندوستان کا عزم، کوششیں اور سخت محنت دنیا کو محفوظ اور خوشحال بنا رہی ہے‘‘ ۔
مودی نے مزید کہا’’ دنیا ہندوستان کو استحکام کے ایک اہم ستون کے طور پر دیکھتی ہے ۔ ایک ایسا دوست جس پر بھروسہ کیا جا سکے ۔ ایک ایسا پارٹنر جو عوام پر مرکوز ترقی پر یقین رکھتا ہے ۔ ایک آواز جو عالمی بہبود پر یقین رکھتی ہے ۔ یہ عالمی معیشت میں ترقی کا ایک انجن ہے ۔ حل تلاش کرنے کے لیے ایک ٹیکنالوجی سینٹر ہے ۔ باصلاحیت نوجوانوں کا ایک پاور ہاؤس اور ایک جمہوریت ہے جو کام کرتی ہے ‘‘۔