سرینگر///
لیفٹیننٹ گورنر ‘ منوج سنہا نے کہا ہے کہ گزشتہ چار برسوں میں جو کچھ بھی حاصل کیا گیا ہے اس پر آج پورے ملک کو جموں کشمیر پر فخر ہے ۔
سنہا ہفتہ کو سرینگر میں وکشت بھارت سنکلپ یاترا میںشرکت کررہے تھے ۔
اس موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا ’’آج پوری قوم کو اس پر فخر ہے کہ جموں و کشمیر نے پچھلے چار برسوں میں جو کچھ حاصل کیا ہے ۔ ہماری مسلسل توجہ ترقی کیلئے خواتین ، کسانوں اور نوجوانوں کو معاشی طور پر بااختیار بنانے پر مرکوز ہے ۔ ہمیں اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ جموں و کشمیر میں پیدا ہونے والے مواقع تک رسائی حاصل کریں اور ان کا مکمل استعمال کریں ‘‘۔
سنہا نے کہا کہ یو ٹی انتظامیہ ہمیشہ پوری لگن کے ساتھ لوگوں کی خدمت کرنے اور ان کے مسائل کو فوری طور پر حل کرنے کیلئے پُر عزم ہے ۔ انہوں نے سرینگر شہر کو شہری تبدیلی کی ایک بہترین مثال میں تبدیل کرنے کیلئے سرینگر سمارٹ سٹی لمٹیڈ اور میونسپل کارپوریشن کی کوششوں کی بھی تعریف کی ۔
ایل جی نے کہا کہ۲۰۲۴کو خوش آمدید کہنے کیلئے لالچوک میں بڑے پیمانے پر اور اپنی نوعیت کا پہلا نئے سال کا جشن اور رات گئے تک تہوار لوگوں کی زندگیوں میں مثبت تبدیلی اور کشمیر کی قدیم شان کی بحالی کا اشارہ ہے ۔
لیفٹیننٹ گورنر نے عہدیداروں اور شہریوں سے ’’ ہمارا سنکلپ وکشت بھارت ‘‘ کا عہد کروایا ۔ انہوں نے مختلف محکموں کی طرف سے لگائے گئے سٹالز کا دورہ کیا اور مختلف اسکیموں کے تحت مستحقین کو منظوری لیٹر حوالے کئے ۔
اس موقع پر مستفید ہونے والوں نے اپنے تجربات اور کامیابی کی کہانیاں بھی سنائیں ۔
سنہا نے مرکز کے زیر انتظام علاقے میں وکشت بھارت سنکلپ یاترا پروگرام میں شہریوں کی بھر پور شرکت کیلئے ان کا شکریہ ادا کیا اور وزیر اعظم ‘نریندر مودی کی قیادت میں تیز رفتار ترقی کو جامع ترقی اور ترقی یافتہ بھارت میں ترجمہ کرنے کی کوششوں کی ستائش کی ۔
ایل جی نے کہا ’’ وکشت بھارت سنکلپ یاترا نے معاشرے کے غریب اور پسماندہ طبقات میں خود اعتمادی کا احساس پیدا کیا ہے ۔ جن بھاگیداری اس یاترا کی طاقت ہے اور لوگوں کی اجتماعی طاقت اسکیموں کی سنتر پتی اور معاشی بہتری میں کلیدی کردار ادا کرے گی ‘‘۔
مساوی اور جامع ترقی کو فروغ دینے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے سنہا نے کہا کہ وزیر اعظم کی قیادت میں فلاحی اسکیموں اور تمام شعبوں میں تیز رفتار ترقی نے غریب سے غریب لوگوں کی زندگیوں کو بدل دیا ہے ۔
سنہا نے کہا کہ نریندر مودی جی نے پائیدار آمدنی اور معیاری زندگی کیلئے عام آدمی کو اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کیلئے بااختیار اور قابل بنایا ہے ۔