اگرتلہ// وزیر اعظم نریندر مودی کے انتخابی حلقہ اتر پردیش میں وارانسی کو خوبصورت بنانے کے لیے تریپورہ کے مجسمہ ساز وہاں کی علاقائی زندگی اور ثقافت سے متعلق تقریباً 50 مجسمے بنا رہے ہیں۔
پروجیکٹ کوآرڈینیٹر سمن مجمدار نے کہا کہ وزارت ریلوے نے ثقافت کی وزارت کے ساتھ مل کر وارانسی میں بیوٹیفیکیشن پروجیکٹ شروع کیا ہے ، جہاں ملک بھر سے تقریباً 100 مجسمہ ساز کاشی کی کم از کم 110 مجسمہ بنانے میں مصروف ہیں۔ وارانسی میں 60 اور اگرتلہ میں 50 فنکار ریلوے کی وزارت سے منظور شدہ مجسمے بنانے میں مصروف ہیں، جو اگلے ماہ وہاں مختلف مقامات پر نصب کیے جائیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ اگرتلہ میں پیتل اور مٹی سے مورتیاں بنائی گئی ہیں، وہیں وارانسی میں کباڑ سے مورتیاں بنائی گئی ہیں۔ مجسموں کے حتمی معائنہ کے بعد انہیں نصب کرنے کے لیے وارانسی شہر لے جایا جائے گا۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ تریپورہ کے کسی مجسمہ ساز کو اتنے اہم کام میں اپنی مہارت اور ہنر دکھانے کا موقع ملا ہے ۔
دریں اثنا، ثقافت کی مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی نے ہفتہ کے روز یہاں نزرال کالکشیتر میں تخلیقی کاموں کا معائنہ کیا، جہاں ریاست کے مختلف حصوں سے تعلق رکھنے والے فنکار دو ہفتوں سے کاشی کی روایت، ثقافتی طریقوں اور روزمرہ کی زندگی کے مختلف مجسمہ بنانے میں مصروف ہیں۔