نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے بدھ کو ٹیکنالوجی کے قومی دن کے موقع پر ان ہندوستانی سائنسدانوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے 1998 میں پوکھرن جوہری تجربہ میں اہم کردار ادا کیا تھا۔
مسٹر مودی نے اس وقت کے وزیر اعظم اٹل بہاری واجپئی کو بھی یاد کیا اور کہا کہ انہوں نے (مسٹر واجپئی) اس وقت سیاسی جرات کا مظاہرہ کیا۔
وزیر اعظم نے ٹویٹ کیا ’’آج ٹیکنالوجی کےقومی دن پر، ہم اپنے بہترین سائنسدانوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے 1998 میں پوکھرن جوہری تجربہ کیا تھا۔ ہمیں اٹل جی کی مثالی قیادت پر فخر ہے جنہوں نے شاندار سیاسی جرات کا مظاہرہ کیا‘‘۔
مسٹر مودی نے مسٹر واجپئی کی قیادت کی تعریف کرتے ہوئے ایک ویڈیو شیئر کیا۔ ویڈیو میں وہ (مسٹر مودی) یہ کہتے ہوئے نظر آرہے ہیں کہ پوکھرن نیوکلیئر ٹیسٹ نے ہم وطنوں کو فخر اور اعتماد سے بھر دیا۔ ویڈیو میں مسٹر واجپئی کی تقریر کے اقتباسات بھی ہیں، جس میں انہوں نے جوہری ہتھیاروں کے لیے ہندوستان کی ’پہلے استعمال نہ کرنے‘ کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔
واضح رہے کہ پوکھرن جوہری تجربہ ملک کی تکنیکی ترقی میں سب سے اہم سنگ میل رہا ہے۔