سرینگر//
جنوبی کشمیر کی سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے پلوامہ کے اونتی پورہ میں فوج اورپولیس کے سینئر آفیسروں کی ایک مشترکہ جائزہ میٹنگ منعقد ہوئی۔
اس غیر معمولی اہمیت کی حامل میٹنگ میں سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لینے کے ساتھ ساتھ انسداد دراندازی اور انسداد دہشت گردی گرڈ کو مضبوط کرنے کی خاطر طریقہ کار پر غور کیا گیا۔
اطلاعات کے مطابق اونتی پورہ میں انسپکٹرجنرل آف پولیس کشمیر رینج وی کے بردی اور جی او سی وکٹر فورس بلبیر سنگھ کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ منعقد ہوئی جس میں کشمیر کے سیکورٹی منظر نامے کا جائزہ لیا گیا۔انہوں نے کہاکہ میٹنگ کے دوران انسداد دراندازی گرڈ کو مضبوط کرنے کے طریقہ کار پر بھی غور کیا گیا۔
دفاعی ذرائع نے مزید بتایا کہ میٹنگ کے دوران کشمیر میں سرگرم ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کے بارے میں آئی جی کشمیر اور کور کمانڈر کو جانکاری فراہم کی گئی۔
ذرائع نے بتایا کہ میٹنگ کے دوران آئی جی کشمیر نے آفیسروں کو ہدایت دی کہ ملی ٹینٹوں اورا ن کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رہنی چاہئے۔انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں امن و امان کو مضوط کرنے کیلئے ہماری کوششیں جاری رہیں گی۔
بردی کے مطابق سیکورٹی ایجنسیوں کے درمیان قریبی تال میل کی وجہ سے ہی ملی ٹینٹوں کے خلاف چلائے جارہے آپریشنز کامیابی سے ہمکنار ہو رہے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے دوران کشمیر صوبے کی سیکورٹی صورتحال کا از سر نو جائزہ لیا گیا۔فیصلہ لیا گیا کہ جموں وکشمیر میں سیکورٹی گرڈ کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ ہیومن انٹیلی جنس کو بھی فعال کیا جائے گا تاکہ سماج دشمن عناصر کے منصوبوں کو ناکام بنایا جاسکے۔
بتادیں کہ بفلیاز پونچھ میں فوجی گاڑیوں پر حملے کے بعد پیر پنچال کی پہاڑیوں پر سیکورٹی فورسز کا تلاشی آپریشن جاری ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ چونکہ پیر پنچال پہاڑیوں کا سلسلہ جنوبی کشمیر سے ملتا ہے جس کے پیش نظر جنوبی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں بھی سیکورٹی فورسز کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔