نئی دہلی//
لوک سبھا انتخابات۲۰۲۴کے پیش نظر کانگریس کی مرکزی قیادت نے منگل کو بہار، جموں و کشمیر، لداخ اور پنجاب کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ الگ الگ اسٹریٹجک میٹنگیں کیں جس میں ریاستی تنظیموں کی انتخابی تیاریوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔
ان چار ریاستوں سے متعلق کانگریس کی یہ اہم اسٹریٹجک میٹنگیں یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں منعقد ہوئیں جس میں کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے ، سابق صدر راہل گاندھی، پارٹی جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال، متعلقہ ریاستوں کے انچارج جنرل سکریٹریوں کے ساتھ ساتھ ہی پارٹی کے اہم لیڈران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق کانگریس ہائی کمان پارٹی کی ۱۳۸ویں سالگرہ کے موقع پر ناگپور میں منعقد ہونے والی اہم کانفرنس سے پہلے ریاستوں کے اعلیٰ لیڈروں کے ساتھ کچھ عرصے سے مسلسل میٹنگیں کر رہی ہے ۔
اسی سلسلے میں آج چار ریاستوں بہار، پنجاب، جموں کشمیر اور لداخ کے عہدیداروں کے ساتھ میٹنگیں ہوئیں اور بدھ کو آندھرا پردیش و ہماچل پردیش کے لیڈروں کے ساتھ میٹنگ کا پروگرام ہے ۔
پارٹی قیادت عام انتخابات کی حکمت عملی طے کرنے کے لیے مختلف ریاستوں کے رہنماؤں سے الگ الگ میٹنگیں کر رہی ہے ۔ ان میٹنگوں کے ذریعے ریاستوں میں پارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ان ریاستوں میں عام انتخابات کے لیے پارٹی کو مؤثر طریقے سے تیار کرنا ہے ۔
بہار کے لیڈروں کے ساتھ ہوئی میٹنگ کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے کھڑگے نے کہا’’لوک سبھا انتخابات سے متعلق بہار پردیش کانگریس کے لیڈروں کے ساتھ تیاریوں کے بارے میں بات چیت ہوئی۔ بہار میں مہاگٹھ بندھن کی حکومت توقع کے مطابق بہار کے لوگوں کے لیے مضبوطی سے کام کر رہی ہے ۔ ہم سماجی انصاف کے لیے پرعزم ہیں۔ بہار کی ترقی، خوشحالی اور امن کے لیے کانگریس کا ہر کارکن پوری محنت کے ساتھ عوام تک پہنچنے اور بہار کے لوگوں کی امنگوں پر پورا اترنے کے لیے تیار ہے ‘‘۔
میٹنگ کے بعد بہار کانگریس کے صدر اکھلیش پرساد سنگھ نے کہا کہ انڈیا اتحاد کے ساتھ سیٹ شیئرنگ کیلئے۲۹دسمبر کو اتحادی جماعتوں کے ساتھ کانگریس کو مربوط کرنے کے لیے بنائی گئی کمیٹی کی میٹنگ بھی ہوگی جس میں سیٹوں کی تقسیم پرتبادلہ خیال کیاجائے گا۔