ممبئی//چنئی سپر کنگز (سی ایس کے) کے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کے لیے آئی پی ایل 2022 بہت اچھا نہیں رہا ہے۔
سیزن کے آغاز میں کپتان منتخب ہونے والے جڈیجہ نے پہلے ٹیم کی خراب کارکردگی کی وجہ سے کپتانی چھوڑی اور اب وہ چوٹ کی وجہ سے باقی ٹورنامنٹ سے باہر ہونے کے دہانے پر ہیں۔
جڈیجہ رائل چیلنجرز بنگلور (آرسی بی) کے خلاف میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے، جس کی وجہ سے وہ دہلی کیپٹلز (ڈی سی) کے خلاف اگلے میچ سے باہر ہو گئے تھے۔
پچھلے دو دنوں میں جڈیجہ کی انجری پر نظر رکھنے کے بعد پتہ چلا کہ ان میں کوئی بہتری نہیں آئی ہے جس کے بعد ٹیم جمعرات کو ہونے والے چنئی بمقابلہ ممبئی میچ میں ان کی چوٹ کے ساتھ رسک نہیں لینا چاہے گی۔
اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ اگرآرسی بی یا راجستھان رائلزمیں سے کوئی بھی ٹیم اپنا اگلا میچ جیت جاتی ہے تو وہ 16 پوائنٹس پرپہنچ جائے گی، جس کے ساتھ ہی سی ایس کےبھی ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائے گی۔ اب تک کھیلے گئے 11 میں سے صرف چار میچ جیتنے والی چنئی اگر اپنے بقیہ میچ جیت بھی جاتی ہے تو وہ صرف 14 پوائنٹس تک ہی پہنچ پائے گی۔
دوسری طرف گجرات اور لکھنؤ اپنے اپنے 12 میچوں میں پہلے ہی بالترتیب 18 اور 16 پوائنٹس حاصل کر چکے ہیں۔
ایسی صورت حال میں ممکن ہے کہ سی ایس کے جڈیجہ کو آئی پی ایل 2022 کے بقیہ میچوں میں موقع نہ دے۔