مہوبہ:// اترپردیش کے ضلع مہوبہ کے شری نگر علاقے میں اینٹی نارکوٹکس ٹاسک فورس نے بڑی کاروائی میں منشیا کے بین ریاستی گروہ کے دو اراکین کو ساڑھے چار کوئنٹل غیر قانونی گانجے کے ساتھ گرفتار کیا ہے ۔ برآمد گانجے کی قیمت 02کروڑ 18 لاکھ روپئے بتائی گئی ہے ۔
اڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ستیم نے یہاں بتایا کہ ٹاسک فورس نے گانجا اسمگلروں کی گاڑیوں کو ایک اطلاع کی بنیاد پر شری نگر کے بلکھی تگیلا میں سخت گھیرا بند کر کے جمعہ کی دیر رات گرفتار کیا۔ اسمگلر گانجے کو چھتیس گڑھ سے مدھیہ پردیش کے راستے اسمگلنگ کر کے لارہے تھے ۔ بتایا گیا ہے کہ اسے کانپور لے جایا جارہا تھا۔ اسمگلروں کے ذریعہ گانجا کو یوریا کی بوریوں میں چھپا کر رکھا تھا۔ بوریوں کو پھاڑ کر چیک کئے جانے پر گانجا برآمد ہوا ہے ۔ فی الحال ٹاسک فورس دونوں اسمگلروں کو برآمد گانجے کے ساتھ اپنے جھانسی ہیڈکوارٹر لے گئی ہے ۔ جہاں معاملے کی باریکی سے جانچ کی جائے گی۔
ستیم نے بتایا ضلع مہوبہ میں تین ماہ کے اندر گانجے کی بڑی کھیپ کی برآمدگی کا یہ تیسرا واقعہ ہے ۔ پولیس نے اس کے پہلے شری نگر علاقے میں دو چھاپہ مار کاروائیوں میں کثیر مقدار میں گانجا پکڑا تھا۔ مدھیہ پردیش کی سرحد سے جڑا ہونے کی وجہ یہ علاقہ منشیات سرگرمیوں کا مرکز ہے ۔ حال کے دنوں میں اسمگلروں کی بڑی سرگرمیوں کی وجہ سے پولیس بھی یہاں کافی سرگرمی کا مظاہرہ کررہی ہے ۔