سرینگر//
سرینگر میونسپل کارپویشن (ایس ایم سی) کمشنر‘اطہر عامر خان کا کہنا ہے کہ سرینگر میں برف باری کی صورت میں سڑکوں سے برف ہٹانے کے لئے تمام تر مشینری اور افرادی قوت کو پوری طرح سے تیار رکھا گیا ہے ۔
اطہر نے کہا کہ شہر میں میونسپل سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے اور شہر کو چار زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے ۔
ایس ایم سی کمشنر نے ان باتوں کا اظہار جمعرات کو یہاں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔
اطہر نے کہا’’سڑکوں سے برف ہٹانے کیلئے مشینری اور افرادی قوت کو تیار رکھا گیا ہے‘‘۔ان کا کہنا تھا’’پورے شہر میں میونسپل سطح پر ایک کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے شہر کو چار زونوں میں تقسیم کیا گیا ہے اور ہر زون میں ایک زونل کنٹرول روم قائم کیا گیا ہے ‘‘۔
ایس ایم سی کمشنر نے کہا کہ برف ہٹانے کیلئے ہمارے پاس۵۰سے۵۵مشینیں ہیں جن میں سے۴۵نئی ہیں جن کو تیار رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پرانی مشینوں کوضروری مرمت کرکے تیار رکھا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا’’ڈرائیوروں کو بھی ڈبل شفٹ میں کام کرنے کیلئے ہر طرح سے تیار رکھا گیا ہے اور سڑکوں کو نقصان نہ پہنچنے کو یقینی بنانے کے لئے مخصوص اقدام کئے جا رہے ہیں‘‘۔
اطہر نے کہا کہ قریب۲۸سو افراد کو تیار رکھا گیا ہے جن کو تمام ضروری ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ برف ہٹانے کے لئے جو بھی ضروی ساز و سامان ہے اس کو حاصل کیا گیا ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ کئی علاقوں میں پانی کی نکاسی کے لئے بھی مشینوں کا بند وبست کیا گیا ہے اور اس کے لئے بھی ضروری مشینوں کو تیار رکھا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کیلئے۱۲۵موبائل ڈی واٹرنگ یونٹوں کو تیار رکھا گیا ہے ۔
اطہر عامر نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں اور گلی کوچوں میں اپنی گاڑیوں کو پارک کرنے سے پر ہیز کریں تاکہ ہمارے عملے کو وقت ضرورت دقتوں کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔